ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی چھوڑ سکتے تھے، عمان کرکٹ بورڈ


مسقط: چیئرمین عمان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ ہمیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی چھوڑنا پڑ سکتی تھی۔

عرب میڈیا کے مطابق عمان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین پنکج خمجی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ خلیجی ریاست میں آنے والے طوفان سے پھیلنے والی تباہی کے باعث ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی میزبانی چھوڑنی پڑ سکتی تھی۔

انہوں نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ عمان طوفان کی بدترین تباہ کاریوں سے بچ گیا ورنہ یہاں بہت تباہی ہو سکتی تھی۔ سمندری طوفان عمان سے صرف چند ناٹیکل میل دور شمال میں تھا اور اس نے وہاں کے علاقے کو تباہ کر دیا اور زمین پر سیلاب کا باعث بنا لیکن اگر یہ اس علاقے میں ہوتا تو ہم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کو خیرباد کہہ چکے ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں: وسیم اکرم نے قومی ٹیم کی کوچنگ نہ کرنے کی وجہ بتا دی

چیئرمین عمان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ ہمارے پاس 3 سے 4 انچ بارش ہوئی اور اس نے زمین کو مزید سرسبز کر دیا جو اب اور بھی خوبصورت لگ رہی ہے۔ بارش کے باعث تمام گندگی اور ریت صاف ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ مسقط کے قریب الامارات اسٹیڈیم میں گروپ بی کے 6 میچز ہونے ہیں جن میں 3 میچز عمان کرکٹ ٹیم کے ہیں۔


متعلقہ خبریں