وی وی آئی پیز کیلئے پنجاب حکومت کی شاہ خرچیاں


لاہور: پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ روز پیش کردہ بجٹ کی دستاویزات میں وی وی آئی پیز بشمول نواز شریف اور شہباز شریف کی سیکیورٹی اور پروٹوکول پر کروڑوں روپے خرچ کیے جانے کی نشاندہی کی گئی ہے۔

بجٹ دستاویزات کے اعدادوشمار بتاتے ہیں کہ جاتی امرا میں سیکیورٹی کے لیے رینجرز کی تعیناتی پرایک کروڑ 41 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔

وی وی آئی پیز کے لیے چار کروڑ 60 لاکھ روپے سے چار لگژری گاڑیاں خریدی گئیں جب کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول کے لیے دوکروڑ 40 لاکھ کی قیمتی گاڑی خریدی گئی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں مہمان نوازی پر 19 کروڑ 70 لاکھ سے زائد کی خطیر رقم خرچ ہوئی۔ وزیراعلی کی صوابدیدی گرانٹ کی مد میں چھ کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔

گورنرپنجاب کے علاج معالجے پر 53 لاکھ 84 ہزار روپے کا خرچہ آیا۔ چیف سیکرٹری اور ہوم سیکرٹری کی رہائش گاہوں پر 19 لاکھ 91 ہزار کے سی سی ٹی وی کیمرے لگائےگئے۔

امریکی قونصل خانے کی سیکیورٹی پر ایک کروڑ 86 لاکھ، اورنج لائن ٹرین کے غیر ملکی عملے کی سیکیورٹی پر 15 کروڑ 68 لاکھ روپے کے اخراجات ہوئے۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق ایک جانب  پنجاب میں رواں مالی سال صرف 40 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی اور دوسری جانب شریف برادران سمیت وی وی آئی پیز کی شاہ خرچیوں پر 30 کروڑ سے زائد رقم اڑا دی گئی۔


متعلقہ خبریں