چیئرمین نیب صرف عمران خان کی نوکری کرتے ہیں، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ثابت ہو گیا چیئرمین نیب صرف عمران خان کی نوکری کرتے ہیں۔

سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آرڈیننس چیئرمین نیب کی مدت ملازمت کی توسیع کے لیے ہے اور حکومتی کرپشن چھپانے کے لیے چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ کیا گندم کی قیمت 400 گنا بڑھنے پر نیب سوال نہیں کرسکتا ؟ آرڈینس کے بعد پنڈورا لیکس میں شامل افراد سے نیب سوال نہیں کر سکے گا۔ گندم اور چینی چوری پر نیب سوال نہیں کرتا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ قانون بنانے کے لیے آرڈیننس کی ضرورت نہیں ہوتی۔ حکومتی کرپشن میڈیا میں ہے لیکن نیب کو نظر نہیں آتا، جو مہنگی ترین ایل این جی خریدی گئی اس پر سوال نہیں کر سکتا۔ تیل کی قیمت بڑھنے اور عوام کے حق پر ڈاکے ڈالنے پر سوال نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس میں کہا کابینہ فیصلے پر پوچھ گچھ نہیں ہو سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: پینڈورا لیکس کی آزاد انہ تحقیقات ہونی چاہیے، وزیر اعلیٰ سندھ

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مالم جبہ اور بی آر ٹی کرپشن ہمارے سامنے ہے اور بلین ٹری سونامی کا کیا حال ہے کچھ معلوم نہیں ہے۔ وزیر اعظم کہتا ہے چیئرمین نیب کی تعیناتی پر مشاورت نہیں کروں گا اور مجھے قانون کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یہ نام نہاد حکومت قائم ہے یہی چیئرمین نیب رہے گا لیکن جلد کرپشن میں ملوث وزرا کو احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا اور چیئرمین نیب کو بھی احتساب کا سامنا کرنا پڑے گا۔


متعلقہ خبریں