دبئی کے حکمران شیخ محمد کی جانب سے بیوی کے فون ہیک کروانے کا انکشاف


 برطانیہ کی عدالت کا کہنا ہے کہ دبئی کے حکمران  شیخ محمد المکتوم نے اپنی سابقہ اہلیہ اردن کی شہزادی حیا  کا فون ہیک کروایا جو  برطانوی نظام انصاف میں مداخلت کے مترادف ہے۔

شیخ محمد نے اس ہیکنگ کے بارے میں علم ہونے کی تردید کی ہے۔شہزادی حیا کا کہنا ہے کہ اس انکشاف نے اُنھیں خوف اور ‘شکار بننے’ کے احساس میں مبتلا کر دیا ہے

عدا لتی فیصلے میں اس ہیکنگ کو ملکی فوجداری قانون کی سلسلہ وار خلاف ورزی، بنیادی عمومی قانون اور یورپی کنوشن برائے انسانی حقوق، عدالت کی کارروائی اور ماں کے حقِ انصاف تک رسائی میں مداخلت اور سربراہ مملکت کی جانب سے ‘طاقت کا بے جا استعمال’ قرار دیا گیا ہے۔

عدالت نے اپنے فیصلے  میں لکھا ہے کہ شہزادی حیا، ان کے دو وکلا  پرسنل اسٹنٹ اور سیکیورٹی عملے کے اہلکاروں کو  ہیکنگ کا نشانہ بنایا گیا یا اس کی کوشش کی گئی۔ یہ جاسوسی سافٹ ویئر ایک اسرائیلی کمپنی کا  ہے جو پیگاسس سافٹ ویئر  کہلاتا ہے

این ایس او کا پیگاسس سافٹ ویئر کسی فرد کا فون استعمال کرتے ہوئے ان کی لوکیشن کا پتا لگتا سکتا ہے۔ ایس ایم ایس اور دیگر ایپس میں موجود ای میلز اور پیغامات پڑھ سکتا ہے۔ ان کی فون کالز سن سکتا ہے۔ ان کے پاس ورڈز، کلینڈر کی تاریخوں اور تصاویر تک بھی رسائی حاصل کر سکتا ہے۔

اس کے علاوہ ہیکر اس سافٹ ویئر کے ذریعے ہدف کا فون اُن کے علم میں آئے بغیر بھی استعمال کر سکتے ہیں جس میں ان کی سرگرمیوں کو ریکارڈ کرنا اور یہاں تک کہ تصاویر اور سکرین شاٹس لینا بھی شامل ہے۔

شہزادی حیا کی قانونی ٹیم کو اپنے فونز ہیک ہونے کا تب پتا لگا جب برطانیہ کے سابق وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کی اہلیہ اور قانون دان شیری بلیئر نے بیرونیس شیکلٹن کو ہنگامی طور پر فون کیا۔

شیری بلیئر این ایس او گروپ کی انسانی حقوق اور کاروباری معاملات پر مشیر ہیں۔

واضح رہے کہ یہ ہیکنگ گذشتہ سال برطانوی ہائی کورٹ میں شہزادی حیا اور شیخ محمد کی طلاق اور بچوں کی تحویل کے مقدمے کی سماعت کے دوران ہوئی۔

اردن کے سابق بادشاہ حسین کی بیٹی اور شاہ عبداللہ دوئم کی سوتیلی بہن شہزادی حیا سنہ 2019 میں اپنے دو بچوں سمیت دبئی سے برطانیہ چلی گئی تھیں۔

 

 


متعلقہ خبریں