رسے پر چلنے، اسکیٹنگ کرنے اور اڑنے والا روبوٹ تیار


 ماہرین نے رسے پر چلنے، اسکیٹنگ کرنے اور اڑنے والا روبوٹ تیار کر لیا ہے

امریکی ماہرین نے ایسا روبوٹ تیار کر لیا ہے جو نہ صرف تنے ہوئے رسے پر کسی بازی گر کی طرح چلتے ہوئے کرتب دکھا سکتا ہے بلکہ اسکیٹ بورڈنگ بھی کر سکتا ہے۔ لیونارڈو نامی یہ روبوٹ ڈرون کی طرح ہوا میں اڑنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

ڈھائی فٹ کا دو ٹانگوں والا روبوٹ پیساڈینا کے کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے انجنیئرز نےتیار کیا ہے۔ روبوٹ لیبارٹری میں پہلے سے موجود اور خراب روبوٹ اور ڈرون کے مختلف حصے لے کر بنایا گیا ہے۔

اس طرح اس میں نہ صرف روبوٹ کی طرح چلنے اور کام کرنے کی صلاحیت ہے بلکہ ڈرون کی طرح اڑنے کی صلاحیت بھی ہے۔

ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ اتنی صلاحیتوں والا کوئی روبوٹ تیار کیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق اس روبوٹ کو آفت زدہ علاقوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کی جانچ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سے چھوٹا اڑنے والا روبوٹ تیار

روبوٹ تیار کرنے والی ٹیم نے کہا ہے کہ اس وقت ہوا میں مختلف مقاصد کے لے ڈرون استعمال کئے جاتے ہیں جب کہ زمین پر کام کرنے کے لے الگ طرز کے روبوٹ ہوتے ہیں۔ لیوناروڈو جیسے روبوٹ مستقبل میں کئی مسائل کا حل ثابت ہو سکتے ہیں۔

اس روبوٹ کو اڑنے والے حشرات سے متاثر ہو کر بنایا گیا ہے اور یہ فی سیکنڈ 20 سینٹی میٹر فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ہوا میں یہ ڈرون کی طرح 5 میٹر فی سیکننڈ کی رفتار سے پرواز کر سکتا ہے۔

روبوٹ بنانے والی ٹیم کی طرف سے ابھی تک اس پر آنے والی لاگت یا اس کے کمرشل مقاصد کے لیے استعمال سے متعلق بیان نہیں دیا گیا۔


متعلقہ خبریں