فیاض الحسن چوہان کی ترجمانی گئی،کپتانی میں بھی ناکام،اپوزیشن جیت گئی


پنجاب حکومت کی ٹیم کی کپتان  اور سابق ترجمان فیاض الحسن چوہان کی نوکری کیا گئی اپوزیشن کے ہاتھوں کرکٹ سیریز بھی ہار گئے۔

پنجاب حکومت کے سابق ترجمان فیاض الحسن چوہان ہر لمحے اپوزیشن کو نہ صرف ٹی وی پر چیلنج کرتے نظر آتے ہیں بلکہ انہوں نے کرکٹ کے میدان میں بھی انہیں للکار رکھا تھا۔

تین میچز پر مشتمل سیریز کا میدان سجا تو پہلے میچ میں فیاض الحسن چوہان نہ صرف میچ ہارے بلکہ اپنی ترجمان بھی کھو بیٹھے، وہ میچ کھیلتے رہے اور پنجاب حکومت کی ترجمان کسی اور کے نام ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں : اقتدار کے ایوانوں سے کرکٹ کے میدانوں تک، حکومت اپوزیشن میچ پڑ گیا

گورنر ہاوس لاہور میں آج ایک بار پھر حکومت اور اپوزیشن کی ٹیمیں مدمقابل آ گئیں، تگڑے میچ کے لیے تگڑے ملک امریکا کے قونصل جنرل کو مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا گیا۔

میچ شروع ہوا، حکومتی ٹیم کو پہلے کھیلنے کا موقع ملا اور انہوں نے مقررہ اوورز میں صرف 86 رنز بنائے۔

پھر کیا؟ نتیجہ وہی پرانا، اپوزیشن نے ایک بار پھر ہدف آسانی سے پورا کر لیا اور فیاض الحسن چوہان کی کپتانی میں حکومت ٹیم کو ہرا کر سیریز اپنا نام کر لی۔

مہمان خصوصی امریکی قونصل جنرل نے اس موقع پر کہا کہ  گورنر ہاوس میں کرکٹ کھیلتے دیکھ کر خوشی ہوئی، سیاسی اختلافات کو بھول کر کرکٹ کھیلی گئی،فیاض الحسن چوہان اور علی حیدر گیلانی مبارکباد کے مستحق ہیں۔

صوبائی وزیر جیل فیاض الحسن چوہان نے امریکی قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ دی، ان کا کہنا تھا کہ امریکی قونصل جنرل  کا کرکٹ میچ دیکھنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، کرکٹ پاکستان میں سب سے مقبول کھیل ہے۔

اپوزیشن ٹیم کے کپتان علی حیدر گیلانی نے کہا کہ تمام پارلیمنٹرینز کا شکریہ ادا کرتا ہوں، مقصد کرکٹ کو فروغ دینا تھا۔

ہم نے پیغام دیا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے محفوظ ملک ہے،کوئی جیتا کوئی ہارا نہیں، کرکٹ جیتی ہے۔


متعلقہ خبریں