مکیش امبانی بھی جیف بیزوس اور ایلون مسک کیساتھ100بلین ڈالر کلب میں شامل


ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی بھی جیف بیزوس اور ایلون مسک کیساتھ 100 بلین ڈالر کے خاص ویلتھ کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔

گزشتہ جمعے اسٹاک مارکیٹ میں ان کی کمپنی کے شیئرز کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ شیئر پرائس میں اضافے کے باعث ان کے اثاثوں کی کل مالیت میں بھی اضافہ ہوا اور انڈیا کی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین 11 افراد کے اس خاص گروپ کا حصہ بن گئے۔

بلومبرگ بلینئرز کیمطابق ایک سال میں اس کے اثاثوں کی قیمت 23.8 بلین ڈالر بڑھنے کے بعد اب 100.6 بلین ڈالر ہے۔

انہوں نے2005 میں اپنے مرحوم والد کا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کا کاروبار سنبھالا تھا۔ انہوں نے ٹیکنالوجی اور ای کامرس میں بھی سرمایہ کاری کی۔

مکیش امبانی کے ریٹیل اور ٹیکنالوجی کے منصوبوں نے پچھلے سال تقریبا 27 بلین ڈالر اکٹھے کیے ہیں۔ انہوں نے گرین انرجی میں سرمایہ کاری کیلئے بھی10 بلین ڈالر کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

یہ منصوبہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس ارادے سے مطابقت رکھتا ہے کہ وہ بھارت کو شفاف ایندھن کے لیے عالمی مینوفیکچرنگ کے مرکز میں تبدیل کر دیں گے۔

امبانی کی دولت کا سب سے زیادہ حصہ ابھی بھی پیٹروکیمیکل سے آتا ہے جو اس کی سالانہ آمدنی میں 73 بلین ڈالر کا تقریبا 60 فیصد حصہ ہے۔

دنیا امیرترین افراد میں مکیش امبانی کا نمبر اب11 واں ہے۔ پہلے نمبر پر ایلون مسک، دوسرے جیف بیزوس، برنارڈ آرنولٹ تیسرے، بل گیٹس چوتھے، لیری پیج پانچویں، مارک زکربرگ چھٹے، سرگئی برن ساتویں، لیری ایلیسن آٹھویں، اسٹیو بالمر نویں اوروارن بفیٹ دسویں نمبر پر ہیں۔


متعلقہ خبریں