ٹک ٹاکرعائشہ اور ریمبو کا منصوبہ کیا تھا؟ آڈیو سامنے آ گئی


لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے دست درازی کے کیس میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پولیس کو تفتیش کے دوران ٹک ٹاکر عائشہ کے دوست ریمبو کے فون سے ایک آڈیو ریکارڈنگ ملی ہے جس میں وہ دونوں گرفتار ملزمان کی رہائی کے بدلے رقم وصول کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

آڈیو ریکارڈنگ میں ریمبو عائشہ سے پوچھتا ہے کہ کتنے ملزمان کی شناخت کی جس پر عائشہ نے بتایا کہ 6 ملزمان ہیں۔

ریمبو پوچھتا ہے کہ فی ملزم کتنے پیسے وصول کیے جائیں ؟ زیادہ تر تو غریب ہی لگتے ہیں۔

عائشہ اکرم جواب دیتی ہے کہ ان لوگوں نے مشکل  سے 5، 5 لاکھ روپے ہی کرنے ہیں۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شارق جمال کاکہناہے کہ فون کال کی ریکارڈنگ کوکیس کا حصہ بنایا جا رہا ہے،ریمبو اس وقت  4 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ہے اورکیس کی کافی تفصیلات سامنےآئی ہیں۔

خیال رہے کہ ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے بیان کے بعد ان کے ساتھی ریمبو کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹک ٹاکرعائشہ نے ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کو تحریری بیان جمع کروایا تھا جس میں انہوں نے بتایا کہ گریٹر اقبال پارک جانے کا پلان ریمبو نے ہی بنایا تھا، اس نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میری نازیبا ویڈیوز بنارکھی ہیں جس کی وجہ سے ریمبو انہیں بلیک میل کرتا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ریمبو مجھے بلیک میل کرکے دس لاکھ روپے لے چکا ہے ، میں اپنی تنخواہ میں سے آدھے پیسے ریمبو کو دیتی تھی ۔

ٹک ٹاکر عائشہ نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ ریمبو اپنے ساتھی بادشاہ کے ساتھ مل کر ٹک ٹاک گینگ چلاتا ہے۔

یاد رہے کہ 14 اگست کے روز سو سے زائد افراد پر مشتمل ایک ہجوم نے اس وقت خاتون پر حملہ کردیا تھا جب وہ اپنے یوٹیوب چینل کے لیے ویڈیو بنارہی تھیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی گردش کرتی مختلف ویڈیوز میں متاثرہ لڑکی کو مدد کے لیے چیخ و پکار کرتے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ ویڈیوز سامنے آنے کے بعد لاہور پولیس نے متاثرہ لڑکی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف ۔مقدمہ درج کر کے اپنی تحقیقات کا آغاز کر دیا تھا۔


متعلقہ خبریں