ممبئی حملوں کے متعلق بیان غلط رپورٹنگ، وزیراعظم کمیشن بنانے پر متفق

ممبئی حملوں کے متعلق بیان غلط رپورٹنگ، کمیشن بنانے پر متفق | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ممبئی حملوں کے متعلق سابق وزیراعظم کا بیان غلط رپورٹ کیا گیا ہے، اگر ماضی کو کریدنا ہے تو قومی کمیشن بنا لیں انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

منگل کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ نان اسٹیٹ ایکٹرز کے متعلق کہے گئے ایک جملے کو غلط طریقے سے رپورٹ کیا گیا، نواز شریف نے یہ بات نہیں کہی کہ ممبئی حملہ کرنے والوں کو پاکستان سے بھیجا گیا تھا۔ انڈیا کے پیداکردہ اس تاثر کو اپنے مقاصد کے لئے یہاں پھیلایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ ریاست پاکستان اور ن لیگ کی اس پالیسی کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کسی کو دوسروں کے خلاف استعمال نہیں کرنے دیں گے۔ یہ پالیسی ماضی کی پیپلزپارٹی اور مشرف حکومتوں میں رہی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے متعلق صرف بات نہ کی جائے بلکہ اس کے مطابق عمل بھی کیا جائے۔

معاملے کی وضاحت کرنے کے بعد وزیراعظم نے کہا کہ اگر اسے پھیلانا چاہتے ہیں تو نتائج کو ضرور مدنظر رکھیں۔ قومی کمیشن بنانے میں ملک کا مفاد ہے تو کمیشن بننا چاہئے، اگر ماضی میں جانا ہے تو پارلیمان کمیشن بنا دے مجھے اس پر اعتراض نہیں ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ معاملہ کی وضاحت کر دی ہے، اس کے باوجود اگر پریس کانفرنسیں کرنی ہیں، سیاسی مفاد حاصل کرنے ہیں تو بات کریں لیکن یہ مدنظر رکھیں کہ اس سے ملکی مفادات کو تقویت نہیں ملے گی۔

قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غلط رپورٹنگ کی مذمت کی گئی، انہیں یقین ہے کہ اعتراض کرنے والوں نے خبر نہیں پڑھی تھی لیکن اسے اچھال کر نمایاں کرنا شروع کر دیا۔


متعلقہ خبریں