مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئےدرخواست دائر


قومی احتساب بیورو(نیب) نے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز کی ضمانت منسوخی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ میں 39 صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ مریم نواز بریت کی اہل نہیں سپریم کورٹ نے انہیں خاتون ہونے پر ریلیف دیا۔ مریم نواز نے ضمانت کی رعایت کا غلط استعمال کیا۔

نیب نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا کہ احتساب عدالت نے مریم نواز کو سات سال قید اور دو ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی۔ مریم نواز کو کوئی بھی عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا۔

چھ جولائی 2018 کو سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل تاحال زیر التوا ہے۔ نیب کا کہنا ہے کہ اپیل پر گزشتہ آٹھ سماعتوں میں پانچ مرتبہ اپیل کنندگان کی طرف سے التوا مانگا گیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ مریم نوازعدالت میں ہر پیشی کو سیاسی تھیٹر بنا دیتی ہیں۔ کارکنوں اور حامیوں سے کمرہ عدالت بھر دیتی ہیں۔

مریم نواز کمرہ عدالت کو پریس کلب میں تبدیل کر دیتی ہیں۔ کمرہ عدالت میں رپورٹر اور وی لاگرز کو انٹرویو دیتی ہیں۔ پیشی کے بعد مریم نواز پریس کانفرنس بھی کرتی ہیں۔

مریم نواز کے پریس کانفرنس میں ہائی رینک آفیشلز اور نیب کیخلاف کمنٹس اشتعال انگیز ہوتے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ 19 ستمبر 2018 کو سزا معطل کر کے ضمانت دینے کا فیصلہ کالعدم کیا جائے۔

 


متعلقہ خبریں