بیوی کو سانپ کے ذریعے قتل کرنے والا شخص مجرم قرار


نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالا میں سانپ سے ڈسوا کر بیوی کی جان لینے والے شوہر کو مجرم قرار دے دیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالا کی مقامی عدالت نے سانپ کے ذریعے خاتون کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سورج ایس کمار کو مجرم قرار دے دیا تاہم سزا کا اعلان 13 اکتوبر کو کیا جائے گا جبکہ استغاثہ نے عدالت سے اپیل کی کہ ملزم کو سزائے موت دی جائے۔

کیرالا کے ضلع کولام کے رہائشی لالچی شوہر نے 7  مئی 2020 کو دولت ہتھیانے کی خاطر بیوی کو کوبرا سانپ سے ڈسوا کر ہلاک کر دیا تھا اور اعلان کردیا گیا کہ خاتون اتھرا کو سانپ نے کاٹ لیا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہو گئی تاہم شک کی بنیاد پر پولیس نے شوہر 27 سالہ سورج ایس کمار کو گرفتار کر لیا تھا۔

ملزم کو شک کی بنیاد پر گرفتار کرنے والی پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم کا سپیروں سے رابطہ تھا جس کا انہیں ملزم کے موبائل فون ریکارڈ سے پتہ چلا تھا جبکہ ملزم نے بیوی کو قتل کرنے سے پہلے انٹرنیٹ پر سانپوں کی ویڈیوز بھی دیکھ رکھی تھی۔ پولیس نے سپیرے کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر:بھارتی فوج نے 5کشمیریوں کو شہید کر دیا

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے خاتون کا تعلق امیر گھرانے سے تھا جبکہ اس کا شوہر نجی بینک میں ملازم تھا جس کا ذریعہ آمدن کچھ خاص نہیں تھا اور ان کا 2 سال کا بیٹا بھی ہے۔

یہ دوسرا موقع تھا کہ اتھرا کو سانپ نے کاٹ لیا تھا اس سے قبل بھی سانپ نے خاتون پر حملہ کیا تھا تاہم ہو بچ گئی تھی۔

پولیس کے مطابق سورج اور اتھرا کی شادی میں بھاری بھرکم جہیز، 100 تولے سونا، ایک گاڑی اور 5 لاکھ روپے دیے گئے تھے جس پر شوہر کو ڈر تھا کہ طلاق کی صورت میں اس کی بیوی سب کچھ ساتھ لے جائے گی جس کے باعث اس نے بیوی کی جان لے لی۔


متعلقہ خبریں