نیب ٹیم اسپیکر سندھ اسمبلی کی گرفتاری کیلئے رہائش گاہ پہنچ گئی


قومی احتساب بیورو(نیب) کی ٹیم اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئی۔

نیب ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم 2 گاڑیوں میں اسپیکرسندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی رہائش گاہ کے باہرموجود ہیں۔

جب کہ خیابان مجاہد میں آغا سراج کی رہائش گاہ کے اطراف میں نیب نے ناکے لگا دیئے ہیں۔

نیب ذرائع کے مطابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گھر میں موجود ہیں انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے سندھ اسمبلی کے اسپیکر آغا سراج درانی سمیت 8 ملزمان کی درخواستِ ضمانت مسترد کردی۔

آغا سراج درانی کے خلاف درخواست ضمانت پر عدالت عالیہ کے جسٹس ندیم اختر اور جسٹس اقبال کلہوڑو پر مشتمل خصوصی بینچ نے درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

آغا سراج درانی کی درخواست ضمانت سننے والا بنچ ٹوٹ گیا

عدالت نے آج درخواست ضمانت کا فیصلہ 11 بجے سنانے کا وقت مقرر کیا تھا تاہم مقررہ وقت پر آغا سراج درانی سمیت کوئی بھی ملزم عدالت نہیں پہنچا جس پر عدالت نے ملزمان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنایا۔

کیس کے ملزمان میں آغا سراج درانی، ان کی اہلیہ اور بیٹے سمیت 18 ملزمان شامل ہیں جن میں سے 8 ملزمان کی درخواست مسترد کی گئی جبکہ آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹوں کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

واضح رہے کہ آغا سراج درانی سمیت تمام ملزمان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے۔

نیب ریفرنس میں آغا سراج درانی کی اہلیہ اور بیٹیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں