روس میں کورونا نے پھر تباہی مچا دی

کورونا وائرس، مزید 5 لاکھ افراد کی اموات کا خدشہ

ماسکو: روس میں کورونا وائرس کی وبا ایک بار پھر پھیلنے لگی اور 24 گھنٹے میں 984 افراد ہلاک ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روس میں کورونا وائرس نے ایک بار پھر تباہی مچا دی۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے 28 ہزار 717 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

روس کے وزیر صحت میخائل مراسکو کے مطابق ملک بھر کے اسپتالوں میں عالمی وبا کے لیے 2 لاکھ 55 ہزار بیڈز مختص ہیں جن میں سے 2 لاکھ 35 ہزار کے قریب مریض موجود ہیں اور 6 ہزار مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔

روس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ملک میں 78 لاکھ  کورونا کے تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں جبکہ عالمی وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار 329 تک پہنچ چکی ہیں جو کہ یورپ میں سب سے زیادہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی وبا، 10 کروڑ سے زائد افراد غربت کی لکیر سے بھی نیچے آ گئے

روس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مغربی علاقوں میں معمول کے آپریشنز ملتوی کیے جا چکے ہیں اور کورونا کے لیے مختص وارڈز میں گنجائش بھی ختم ہو چکی ہے۔

روس کے مغربی علاقوں کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے اور مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

روسی حکام نے کورونا ویکسینیشن کی سست شرح پر انفیکشن اور اموات میں تیزی سے اضافے کو بڑی وجہ قرار دیا ہے۔


متعلقہ خبریں