ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کی نیول ہیڈ کوارٹرز آمد


ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقِری نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد پہنچے ہیں۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔

معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ان کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ اس دوران ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف نے سربراہ پاک بحریہ سے ملاقات کی۔ جس میں باہمی دلچسپی کے پیشہ وارانہ امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نیول چیف اور معزز مہمان نے خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال پر بھی بات چیت کی۔ ترجمان پاک بحریہ نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک ایران سرحد: بارڈر مارکیٹوں کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، وزیر اعظم

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خانن نے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری سے خصوصی ملاقات کی، جس میں انہوں نے پاک ایران سرحد کو امن و دوستی کی سرحد قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارڈر مارکیٹوں کے قیام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران معیشت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تجارت بڑھانے پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ دو اضافی سرحدی کراسنگ پوائنٹس کھلنے سے نقل وحرکت میں مزید آسانی پیدا ہوگی۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر ایران کے مثبت کردار کو سراہا۔

ہم نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ایرانی چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری کی ہونے والی ملاقات میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 


متعلقہ خبریں