ٹک ٹاک نے پاکستان کی 90 لاکھ ویڈیوز ہٹا دیں


 چینی ایپ ٹک ٹاک نے  2021 کی دوسری سہ ماہی میں پاکستان سے شئیر کی جانے والی 90 لاکھ ویڈیوز کو ہٹایا۔

رپورٹ کے مطابق ویڈیوز ایپ کی جانب سے دی گئی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کے باعث ہٹائی گئیں، پاکستان دنیا کا وہ دوسرا ملک ہے جس کی ویڈیوز اتنی بڑی تعداد میں ویڈیو شئیرنگ ایپ سے ڈیلیٹ کی گئی ہیں۔

چینی ایپ نے ’کمیونٹی گائیڈلائنز انفورسمنٹ‘ رپورٹ کے نتائج شیئر بھی کیے ہیں ، جن کے مطابق اپریل سے جون تک عالمی سطح پر 8 کروڑ 15 لاکھ 18 ہزار سے زائد ویڈیوز ہٹائی گئیں، جو اپ لوڈ کیے گئے تمام مواد کے ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وفاقی کابینہ کا ٹک ٹاک پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ

93 فیصد ویڈیوز کے خلاف پوسٹ کیے جانے کے 24 گھنٹے اور 94.1 فیصد کے خلاف صارف کی جانب سے رپورٹ کیے جانے سے پہلے ایکشن لیا گیا۔

کمپنی نے دعوی کیا ہے کہ ہٹائے گئے مواد میں سے 87.5 فیصد ویڈیوز کو کسی صارف نے نہیں دیکھا تھا۔

کمپنی کے مطابق  ان ویڈیوز میں سے 73.3 فیصد ہراسانی اور دھمکانے جیسے مواد کو فروغ دینے جبکہ 72.9 فیصد نفرت آمیز رویے پر مشتمل تھیں۔

یہ تعداد رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 66.2 فیصد اور 67 فیصد تھی۔

واضح رہے کہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر پاکستان میں متعدد بار پابندی لگائی گئی ہے اور یہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے اب بھی بلاک ہے۔


متعلقہ خبریں