ہر طاقتور شخص کا احتساب ہونا چاہیے، فروغ نسیم


کراچی: وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہر طاقتور شخص کا احتساب ہونا چاہیے۔

وزیر قانون فروغ نسیم نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس ہیلپ لائن سے نوجوان وکلا کی مشکلات حل ہوں گی اور جسٹس ہیلپ لائن کا آئیڈیا بہترین ہے۔ رول آف لا کا بنیادی مقصد انصاف سب کے لیے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدلیہ، بار ایسوسی ایشنز، آرمی اور سول بیورو کریسی کے بغیر ملک نہیں چل سکتا اور اوپر بیٹھا شخص کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو احتساب ہونا چاہیے کیونکہ جہاں طاقتور لوگوں کا احتساب نہیں ہوتا وہ قومیں پستی میں چلی جاتی ہیں۔

فروغ نسیم نے کہا کہ قانون کی بالادستی پر سیمینار کرنا تو بہت آسان ہے لیکن ہمیں بطور قوم اپنا احتساب کرنا ہو گا اور قانون کی حکمرانی میں مصلحت کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ اس لیے حق اور سچ کا ہمیشہ ساتھ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ساری چیزیں طے ہو چکیں، بعض لوگ حساس اداروں کومتنازع بنارہےہیں، شیخ رشید

وفاقی وزیر قانون نے کہا کہ اداروں کا احترام سب پر لازم ہے اور فیصلے کرنا حکومت کا نہیں عدالتوں کا کام ہے۔ فوجداری نظام عدل میں اصلاحات کرنے جا رہے ہیں اور اصلاحات کے بعد 9 ماہ میں مقدمات کا فیصلہ ہو سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ لا ریفارمز پر سب سے زیادہ مزاحمت وکلا کرتے ہیں۔ خواتین کو وراثت میں ان کا حق دینا ہو گا اور ترقی یافتہ اقوام میں تمام افراد یکساں طور پر قانون کے تابع ہیں۔ خواتین محتسب وراثت کے حوالے سے خواتین کے مسائل حل کرائیں گے۔


متعلقہ خبریں