حکومت عذاب کی طرح قوم پر مسلط ہے، مولانا فضل الرحمان


فیصل آباد: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت عذاب کی طرح قوم پر مسلط ہے۔

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو بتانا چاہتا ہوں آپ کا احتساب کا ڈرامہ ختم ہوچکا ہے اور پی ڈی ایم نے آپ کا احتساب کر کے آپ کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیے ہیں اور حکومت عذاب کی طرح قوم پر مسلط ہے۔ ایک بار پھر آج دنیا میں معیشت کی جنگ شروع ہوچکی ہے اور چین دنیا کی اقتصادی قوت بننے جا رہا ہے لیکن حکومت نے چین کو بھی ناراض کر دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دیئے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہم اداروں کے دشمن نہیں بلکہ اداروں کو مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئین نے ہر ادارے کا دائرہ اختیار متعین کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی نمائندہ ہے اور پارلیمنٹ سب سے زیادہ بااختیار ادارہ ہے۔ معاشی صورتحال خراب ہو تو ریاست اپنا وجود برقرار نہیں رکھ سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے 22 کروڑ عوام کو قبر میں پہنچانے کی پوری کوشش کی، مریم نواز

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ گزشتہ تین سال سے ہر کسی کو چور کہا جا رہا ہے کیا یہی ان کی سیاست ہے ؟ باقیوں کو چور مت کہو بلکہ اپنے دامن دیکھو۔ ایسا بیوقوف اور احمق وزیر عظم میں نے کہیں نہیں دیکھا۔

انہوں نے واضح کہا کہ اب یہ تحریک آگے بڑھے گی اور اب جلسوں سے آگے سڑکوں پر آنا ہو گا۔ قوم سڑکوں پر آئے ہم انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ حکمرانوں نے نوجوانوں کو یہ کہہ کر بے وقوف بنایا کہ ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن انہوں نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کر کے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کر دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آج جہاں ملک پہنچ چکا ہے اسے یہاں سے اٹھانا بہت بڑا چیلنج ہے۔ پنجاب کے لوگ اٹھیں اور انقلاب کا نعرہ لگائیں کیونکہ پنجاب بڑا بھائی ہے اور بڑا بھائی اٹھے گا تو سب کو حوصلہ ملے گا۔ 31 اکتوبر کو پی ڈی ایم کا قافلہ ڈی جی خان پہنچے گا۔

کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کشمیر بیچ دیا ہے اور انہوں نے کشمیریوں سے غداری کی۔ جب تک ہم حکومت تھے کشمیر کا سودا نہیں ہوا تھا لیکن موجودہ حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کر دیا۔


متعلقہ خبریں