راہول ڈریوڈ انڈین کرکٹ ٹیم کے اگلے کوچ


انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راہول ڈریوڈ کو انڈیا کی سینیئر ٹیم کے کوچ کی ذمہ داریاں سونپنے کا فیصلہ کر لیا گیا

بھارتی میڈیا کے مطابق راہول ڈریوڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ انہوں نے بھی عہدہ سنبھالنے کے لیے رضا مندی کا اظہار کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انڈیا کے سابق بلے باز کو دو سال کا کانٹریکٹ دیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کتنا انعام ملے گا؟

رپورٹ کے مطابق راہول ڈریوڈ کی ٹیم کے سابق کھلاڑی پارس مہابرے کو ٹیم کا بولنگ کوچ مقرر کیا جائے گا۔ راہول ڈریوڈ 1996 سے 2012 تک انڈین کرکٹ ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔

انہوں نے انڈیا کی جانب سے 164 ٹیسٹ میچز اور 344 ایک روزہ میچز کھیل رکھے ہیں۔

راہول ڈریوڈ اس وقت جنوبی شہر بینگلور میں انڈین کرکٹ اکیڈمی میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے اس وقت قومی کرکٹ ٹیم میں موجود کئی نوجوان کھلاڑیوں کی کوچنگ بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ آج سجے گا

بھارتی میڈیا کے مطابق  راہول ڈریوڈ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اور ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ سے قبل اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔

انڈین کرکٹ ٹیم کے موجودہ کوچ روی شاستری نے اشارہ دیا ہے کہ وہ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد اپنی ذمہ داریوں سے سبکدوش ہوجائیں گے۔


متعلقہ خبریں