ٹی 20 ورلڈکپ، عمان نے پاپوا نیوگنی کو شکست دے دی


آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں عمان نے پاپوا نیوگنی کو شکست دے دی۔

عمان نے پاپوا نیوگنی کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ پاپوا نیوگنی نے عمان کو جیت کے لیے 130 رنز کا ہدف دیا تھا۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کپ کے افتتاحی میچ میں عمان نے پاپوا نيوگنی کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاپوا نیوگنی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے۔

اننگز کے آغاز میں ہی پاپوا نیوگنی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اس کی 2 وکٹیں صفر رنز پر ہی گر گئیں تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مخالف ٹیم کو 130 رنز کا ہدف دیا۔

پاپوا نیوگنی کے اسد والا 56 رنز بنا کر نمایاں رہے اور انہوں نے 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ ان کے علاوہ چارلس امینی نے 37 اور سیسی باؤ نے 13 رنزبنائے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کو کتنا انعام ملے گا؟

عمان کی جانب سے ذیشان مقصود نے 20 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلیم اللہ اور بلال خان نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات اور عمان میں کھیلا جا رہا ہے جس کے فائنل راؤنڈ (سپر 12) میں 12 ٹیمیں شریک ہوں گی۔

پہلے کوالیفائنگ مرحلہ ہو رہا ہے جس میں آٹھ ٹیمیں شریک ہیں جن میں سے چار اگلے مرحلے (سپر 12) کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ یہ مرحلہ 22 اکتوبر تک جاری رہے گا۔


متعلقہ خبریں