کوئی ادارہ ملک کی ماں ہے نہ باپ، جاوید ہاشمی

جاوید ہاشمی گھر محاصرہ

ملتان: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے سب سے زیادہ محب وطن شخص ہیں، انہیں اقامہ پر نکالا گیا جس کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

ملتان میں پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ نادیدہ قوتیں دسمبرمیں ہی حکومت ختم کرنا چاہتی تھیں لیکن اب قوم جاگ اٹھی ہے اس لئے حکومت کو نقصان پہنچا تو بہت برا ہوگا، پاک فوج کو سلام پیش کرتا ہوں لیکن طالع آزما جرنیلوں کے خلاف ہوں۔

بزرگ سیاست دان نے کہا کہ ججوں کے ذاتی اثاثے کھول دئیے جائیں تو کوئی صادق و امین نہیں رہے گا، عدالتوں کے مطابق بیس کروڑ عوام میں صرف عمران خان صادق و امین ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی کمیشن بنا کر سب کچھ منظرعام پرلایا جائے، رحمان ملک، پرویز مشرف نے بھی نواز شریف کے انٹرویو والی بات کہی تھی اس لیے اگر نواز شریف کو سزا دینی ہے تو ان لوگوں کو بھی سزا سنائی جائے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ کوئی ادارہ ملک کی ماں ہے نہ باپ، بھارت کے ساتھ پانچ جنگیں کسی سیاسی حکومت نے شروع  نہیں کیں۔

عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ابھی تو شاید عمران خان  نادیدہ قوتوں کے ہاتھوں استعمال ہو رہے ہیں تاہم بعد میں انہیں سمجھ آئے گی کہ یہی لوگ ملک برباد کرتے ہیں۔

جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ آج میڈیا اتنا بے بس ہے کہ ملک کے وزیراعظم کی تقریر نہیں دکھا سکتا، مجھے پہلے سے ہی معلوم تھا کہ نواز شریف کی حکومت گرانے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب نادیدہ قوتوں سے ملک نہیں سنبھلتا تو بھٹو، بے نظیربھٹو اور نواز شریف کوسامنے لاتے ہیں اور پھران کی حکومتیں گرا دیتے ہیں۔


متعلقہ خبریں