نواز شریف اداروں کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، مصطفیٰ کمال

مصطفی کمال کے

فوٹو: فائل


کراچی: چیئرمین پاک سر زمین پارٹی ( پی ایس پی ) سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نواز شریف الزامات لگا کر اداروں کو بلیک میل کرنا چاہتے ہیں، سابق وزیراعظم نے پاکستان کو گروی رکھ  دیا ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ شاہد خاقان عباسی سے استعفیٰ لے لینا چاہیے۔

پاکستان ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم کی جانب سے  را سے پیسے لینے کے اعتراف کے باوجود نواز شریف نے کبھی اُن کے خلاف کارروائی نہیں کی، ملکی ادارے نواز شریف سے اس امر کی تحقیقات کریں۔

مصطفیٰ کمال نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی شرافت کا نقاب اتر گیا ہے، اُن کے متنازعہ بیان پر کمیشن بننا چاہیے، ان  پر الزام ہے کہ اُن کا جھکاؤ بھارت کی طرف ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین بار پاکستان کے وزیراعظم رہ چکے ہیں اور وہ ہمیشہ ہی ریاست کے خلاف نظر آئے، نواز شریف کو چار سال دس مہینے بعد خیال آیا کہ ممبئی حملے میں ریاست ملوث ہے۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پاکستانی ریاست کو بلیک میل کرنے کے لیے بیان دیا اور پاکستان کی بقا کو خطرے میں ڈال دیا۔

مصطفیٰ کمال نے نواز شریف کی بھارتی وزیراعظم مودی سے ملاقاتوں کے متعلق کہا کہ نواز شریف کی مودی سے ملاقاتوں نے کئی سوالات جنم دیے ہیں، اُنہوں نے ہمیشہ ہی بیرونی طاقتوں کے ہاتھ مضبوط کیے۔


متعلقہ خبریں