ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، بنگلہ دیش 26 رنز سے کامیاب

بنگلہ دیش کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

ابوظہبی: ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے روز کے میچ میں بنگلہ دیش نے عمان کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے تیسرے روز کا میچ ابوظہبی میں کھیلا گیا۔ بنگلہ دیش نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے عمان کو 26 رنز سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے عمان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 153 رنز بنائے۔

154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عمان کی ٹیم 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 127 رنز بنا سکی۔

عمان کے جتندر سنگھ نے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے اور دیگر کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک پویلیئن لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کے مستفیض الرحمان نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تو شکیب الحسن نے 3 کھلاڑیوں کو واپسی کی راہ دکھائی۔

بنگلہ دیش کے اوپنر کھلاڑی لٹن داس زیادہ دیر کریز پر کھڑے نہیں رہ سکے اور رنز بنا کر بلال خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے جبکہ ان کے ساتھ میدان میں اترنے والے کھلاڑی محمد نعیم اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 50 گیندوں پر 64 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کھلاڑی ہمیشہ خود اعتمادی کے ساتھ کھیلیں، رمیز راجہ

بنگلہ دیش کے کھلاڑی مہدی حسن بغیر کوئی رن بنائے واپس پویلیئن لوٹ گئے جبکہ شکیب الحسن 29 گیندوں پر 42 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کوئی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر کھڑا نہ رہ سکا اور ایک کے بعد ایک آؤٹ ہوتے گئے تاہم محمود اللہ 10 گیندوں پر 17 رنز بنا سکے۔

عمان کے بلال خان اور فیاض بٹ نے 3، 3 کھلاڑیوں کا آؤٹ کیا جبکہ کلیم اللہ نے 2 اور ذیشان مقصور نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2021 میں بنگلہ دیش کو پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے 6 رنز سے شکست دی تھی۔


متعلقہ خبریں