رینجرز کی پنجاب اور بلوچستان میں کارروائیاں، تین دہشت گرد گرفتار


اسلام آباد: ضلع ڈیرہ غازی خان میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے تین مشتبہ دہشتگردوں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفساد کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی خفیہ معلومات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں جن میں ٹوبہ نوخانی، ڈیرہ مراد جمالی، اچ، سنجسیلا اور چبدار شامل ہیں۔

بلوچستان میں کی گئی کارروائیوں کے دوران بارودی سرنگوں، مواصلاتی آلات اور ڈیٹونیٹرز سمیت بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آپریشن ردالفساد

ملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ سے فروری 2017 میں پاک فوج کی جانب سے آپریشن ردالفساد کا آغاز کیا گیا تھا۔

آپریشن کا مقصد ملک سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کا خاتمہ کرنا تھا، آپریشن کے دوران بیشتر کارروائیاں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی گئیں۔

آپریشن ردالفساد ملک کے تمام حصوں میں جاری ہے، اس کا ایک بنیادی نکتہ پاک افغان سرحد کی سیکیورٹی بڑھانا اوراسے محفوظ بنانا بھی رہا ہے۔


متعلقہ خبریں