خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے، حمزہ شہباز


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں ایسے بدترین حالات نہیں دیکھے کہ غریب کے لیے روٹی پوری کرنا مشکل ہو گیا ہے اور اسپتالوں میں مفت ادویات کی سہولت ختم کر دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں چینی 55 روپے اور آج 120 روپے فی کلو ہو رہی ہے جبکہ بجلی 24 روپے فی یونٹ ہو گئی ہے۔ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کے جھوٹے وعدے کیے گئے اور ادویات کی قیمتوں میں 500 فیصد اضافہ کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے دور میں کینسر کی دوائیاں مفت دی جاتی تھیں۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ لوگ کنٹینر پر چڑھ کر لوگوں کو سبز باغ دکھاتے تھے اور گزشتہ روز وزیر اعظم نے کہا کورونا کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوا اس کے برعکس بھارت میں مہنگائی کا گراف نیچے آرہا ہے اور یہاں اضافہ ہو رہا ہے، بتایا جائے کیا کورونا دیگر ممالک میں نہیں آیا ؟

انہوں نے کہا کہ یہ حزب اختلاف کے ساتھ غریب لوگوں سے بھی انتقام لے رہے ہیں لیکن مسلم لیگ ن مہنگائی کے خلاف بھر پور احتجاج کرے گی اور حکومت کے خلاف اپنا ہر جمہوری راستہ اختیار کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: مئی سے اب تک پاکستانی کرنسی 12فیصد گر چکی ہے،مفتاح اسماعیل

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ بنگلہ دیش اور سری لنکا میں بھی مہنگائی کم ہے۔

منی لانڈرنگ سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  شہباز شریف کے خلاف ایک روپے کی بھی منی لانڈرنگ ثابت نہیں ہوئی اور نواز شریف کے ڈاکٹرز جب اجازت دیں گے وہ واپس آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس نے اپوزیشن کو این آر او دینے سے انکار کیا آج اس نے خود کو این آر او دے دیا۔ خطے میں سب سے زیادہ مہنگائی پاکستان میں ہے۔


متعلقہ خبریں