پی ڈی ایم نے ملک گیر احتجاج کا آغاز راولپنڈی سے کر دیا

پی ڈی ایم نے ملک گیر احتجاج کا آغاز راولپنڈی سے کر دیا

راولپنڈی: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کو اب سڑکوں پر نکلنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نا اہل چوروں کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا ہے لہذا نالائقوں کو گھر جانا ہو گا۔

ن لیگ کا آج سےمہنگائی کے خلاف سڑکوں پر آنے کا فیصلہ

ہم نیوز کے مطابق انہوں نے یہ بات اپوزیشن جماعتوں کے سیاسی اتحاد پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف منعقدہ احتجاجی مظاہرے کے دوران ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

احتجاجی مظاہرے کی قیادت ن لیگ نے کی جب کہ شرکا میں ن لیگ اور جے یو آئی (ف) کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی بھی احتجاجی مظاہرے میں نمائندگی موجود تھی لیکن ان کی تعداد بہت کم تھی۔ احتجاجی مظاہرین نے حکومت مخالف بینرز اور پوسٹرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔

انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے صبح مری روڈ پہ رکاوٹیں لگا دی گئی تھیں لیکن دوپہر تک کارکنان لگائی جانے والی تمام رکاوٹوں کو ہٹا کر لیاقت باغ کے سامنے منعقد ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے لیے پہنچ گئے تھے۔

خواتین کارکنان نے اس موقع پر احتجاجی دھرنا دیا اور فلک شگاف نعرے بازی بھی کی۔ مظاہرین کی بڑی تعداد آٹا چور حکومت اور گیس چورحکومت کے نعرے لگاتی رہی۔

سابق وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں کہا کہ ترقی کرتے ہوئے ملک کی معیشت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے اور ملکی سلامتی کو تماشہ بنا دیا ہے۔ انہوں ںے کہا کہ اس وقت حالت یہ ہے کہ لوگوں کے پاس ادویات، چینی اورآٹا خریدنے کے بھی پیسے نہیں ہیں۔

مہنگائی کے طوفان کا مقابلہ کرنے کا وقت آ گیا ہے، شہباز شریف

ن لیگ کی مرکزی رہنما نے کہا کہ مہنگائی کی چکی میں پستے لوگ بچوں کی فیس تک ادا کرنے سے قاصر ہیں، گھروں کا کرایہ تک ان سے ادا نہیں کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نا اہل چوروں کی وجہ سے ہرشعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا برا حال ہو چکا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملک اب مزید چوروں کا متحمل نہیں ہوسکتا ہے، ان نا لائقوں کو گھر جانا ہو گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوام ہمارے ساتھ ہیں۔ ان کا دعویٰ تھا کہ ارباب اقتدار کو ووٹ دینے والے بھی اب پریشان ہو کر انہیں بد دعائیں دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد حزب احتلاف میاں شہباز شریف کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف ملک گیر احتجاج شروع کرنے اور آغاز راولپنڈی سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

20 اکتوبرسے احتجاج ، ریلیاں، فوری عام انتخابات کرائے جائیں، پی ڈی ایم کا مطالبہ

ن لیگ سے قبل پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی چند روز قبل منعقدہ اجلاس کے بعد مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے حوالے سے حکومت کے خلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔


متعلقہ خبریں