فیس بک کا ایسا منصوبہ جو انٹرنیٹ کی دنیا میں انقلاب برپا کر دے گا

Facebook

سماجی رابطوں کے مقبول پلیٹ فارم فیس بک نے انٹرنیٹ کی دنیا میں انقلاب لانے کا فیصلہ کر لیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فیس بک ورچوئل ریئلٹی پلیٹ فارم پر کام کر رہا ہے جس کا نام ’ میٹاورس‘ رکھا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق اس انقلابی منصوبے کی تکمیل کے لیے فیس بک نے دس ہزار لوگوں کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے۔

میٹاورس ایک آن لائن دنیا ہوگی جہاں لوگ ایک وی آر ہیڈ سیٹ کے ذریعے ورچوئل ماحول میں گیم کھیلنے کے علاوہ وہاں کام اور بات چیت کر سکیں گے۔

میٹاورس کے تصور کو انٹرنیٹ کے مستقبل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

فیس بک نے ایک بلاگ پوسٹ میں کہا ہے کہ میٹاورس نئے تخلیقی، معاشی اور معاشرتی مواقع پیدا کرنے کا ذریعہ ہو سکتا ہے اور یورپی لوگ اس کی تیاری میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ماہرین اور تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیوں کی طرف سے دوسری بڑی ایجاد میٹاورس ہو گا جو ابھی محض تصور کے طور پر موضوع بحث ہے۔

اس نئی ایجاد کے بعد کمپیوٹر استعمال کرنے کے بجائے میٹاورس کی ورچوئل دنیا میں جانے کے لیے آپ کو ایک ہیڈسیٹ استعمال کرنا ہو گا اور اس سے آپ تمام ڈیجیٹل انوائرنمنٹس سے رابطہ قائم رکھ سکیں گے۔

اس وقت زیادہ تر گیمنگ کے لیے استعمال ہونے والی ورچوئل ریئلٹی کے برعکس ورچوئل ورلڈ کسی بھی چیز مثلاً کام، کھیل، کنسرٹس، سینما اور باہر نکل کر گپ شپ کرنے کے لیے عملی طور پر استعمال کی جا سکے گی۔

زیادہ تر لوگوں کے خیال میں آپ تھری ڈی ایواٹار (تھری ڈی روپ) حاصل کر سکیں گے جو آپ کی نمائندگی کرے گا یعنی جس طرح آپ اسے استعمال کرنا چاہیں گے، کر سکیں گے۔


متعلقہ خبریں