بڑا کپ، بڑا میچ، یک طرفہ مقابلہ، پاکستان نے بھارت کو دھول چٹا دی


ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے عبرت ناک شکست دے دی۔

پاکستان نے کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 152 رنز کا ہدف اننگز کے 17.5 اوور میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کے کپتان بابراعظم نے فلک شگاف چھکا لگا کر نصف سنچری مکمل کی جب کہ محمد رضوان نے بمرا کو چوکا لگا کر ففٹی بنائی۔

بابراعظم نے 68 جب کہ محمد رضوان نے 79 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔


پاکستانی اننگز

بھارت کا پاکستان کے خلاف ورلڈ کپ میں ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ توڑنے کا عظم لیے بابراعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا۔

محمد رضوان نے پراعتماد انداز میں بھونیش کمار کو پہلے چوکا اور پھر چھکا رسید کیا۔ دوسرے اوور کے لیے آئے محمد شامی کو کپتان بابراعظم نے چوکا رسید کیا۔

دونوں بیٹرز نے انتہائی ذمہ داری سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور میچ کے دوران کسی بھی لمحے بھارتی بولرز کو اپنے اوپر حاوی ہونے نہ دیا۔

بھارتی اننگز

شاہین شاہ آفریدی نے اپنی تباہ کن بولنگ سے  پہلے روہت شرما اور بعد میں کے ایل راہول کو جلد چلتا کیا۔ بعد میں حسن علی نے سوریا کمار یادیو کی وکٹ حاصل کی۔

اس موقع پر ویرات کوہلی اور پنٹ کے اہم شراکت داری قائم ہوئی جسے شاداب خان نے ختم کیا۔ پنٹ شاداب کی گیند پر کیچ دے بیٹے۔

بھارت کی پانچویں وکٹ اننگز کے 17 ویں اوور میں گری جب جڈیجا حسن علی کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

ویرات کوہلی کا پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ناٹ آؤٹ رہنے کا ریکارڈ قائم نہ رکھ سکے اور 57 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر شاہین کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

آل راونڈر ہاردک پانڈیا بھی لمبی باری کھیلنے میں ناکام رہے اور حارث روف کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔


خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے سوریا کمار یادیو کا کیچ پکڑ کر ٹی ٹوئنٹی میں 100 کیچزمکمل کر لیے۔

ٹاس

دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس جیتنے کے بعد بابراعظم کا کہنا تھا کہ ابتدائی وکٹیں جلد حاصل کرنے کی کوشش کریں گی اور بھارت کو دباو میں ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں اوس بہت اہم کردار ادا کرے گی جس کا فائدہ بیٹنگ ٹیم کو ہو گا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

قومی ٹیم میں بھارت کے خلاف جن کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے ان میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، محمد آصف، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

بھارت کی پلینگ الیون

بھارتی ٹیم میں کپتان ویرات کوہلی، روہت شرما، کے ایل راہول، سوریا کمار یادیو، ریشب پنٹ، ہاردک پانڈیا،جڈیجا، بھونیشور کمار، محمد شامی، جسپریت بمرا اور ورون چکرورتی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں