معیشت اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا،شہبازشریف


مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت، عوام اور موجودہ حکومت میں سے ایک کو چننا ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت کا ایک ایک منٹ پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان دے رہا ہے۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کا اعلان کر کے اشیاء کی قیمتیں مزید بڑھا دیں۔

شہبازشریف نے کہا کہ یہ حکومت عوام اور آئی ایم ایف دونوں کو دھوکہ دے رہی ہے۔ آئی ایم ایف کے ساتھ شرائط طے نہیں ہوئے تو قیمتوں میں اضافہ کیو ں کیا جارہا ہے۔

حکومت عوام اور پارلیمنٹ سے آئی ایم ایف کی شرائط کیوں چھپا رہی ہے؟ شرائط نہیں مانیں تو پھر مہنگائی کیوں؟ یہ کون سے اچھے دن آئے ہیں کہ روز اشیا کی قیمتیں بڑھتی جارہی ہیں؟

ان کا کہنا ہے کہ معاشی تباہی کی آگ پر منگائی تیل کاکام کررہی ہے۔ حکمرانوں کا ہر دن قومی سلامتی کے لیے خطرات اور خدشات بڑھا رہا ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ موجودہ حکومت کو مکمل چھٹی دینے کی ضرورت ہے۔ مسائل کی دلدل سے ملک کو نکالنے کے لیے سنجیدہ اور دیانتدار ٹیم کی ضرورت ہے۔ ثابت ہو چکا کہ ملک اور قوم کے مسائل یہ حکومت حل نہیں کر سکتی۔

 


متعلقہ خبریں