سعودی عرب میں پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا


ریاض: سعودی عرب میں منگل کی شام رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا اس لیے پہلا روزہ جمعرات 17 مئی کو ہوگا۔

ذرائع کے مطابق رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے ہونے والے اجلاس کو چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

متحدہ عرب امارات، عمان، جاپان، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی چاند نظر نہیں آیا اس لیے ان ممالک میں بھی پہلا روزہ جمعرات 17 مئی کو ہوگا۔

سعودی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ عوام الناس کھلی آنکھ یا خصوصی آلات سے چاند نظر آنے کی شہادت عدالت میں رجسٹر کرائیں۔

سپریم کورٹ نے چاند دیکھنے سے متعلق نجی رویت ہلال کمیٹیوں کو بھی تعاون کی ہدایت کی تھی۔

سعودی عرب کی المجمعہ یونیورسٹی کے فلکیاتی ادارے نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ چاند شام 6:35 پر 286 درجہ شمال مغرب میں غروب ہو جائے گا جبکہ سورج 6:36 پر غروب ہوگا، اس طرح غروب آفتاب کے وقت ہلال کی عمر 3 گھنٹے 48 منٹ ہوگی اور پہلا روزہ جمعرات کو ہونے کا امکان ہے۔

آسٹریلیا کی نیشنل امام کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آسٹریلیا میں رمضان کا آغاز جمعرات  17 مئی سے ہوگا۔

جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں بھی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا اور وہاں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ جاپان کی رویت ہلال کمیٹی نے جمعرات 17 مئی کو ملک میں پہلے روزے کا اعلان کیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں