رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج

عید الفطر چاند (eid ul fitr moon)

کراچی: رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج کراچی میں چیئرمین مفتی منیب الرحمن کی صدارت میں ہوگا۔

ہم نیوز کے مطابق رمضان المبارک 1439ھ کے چاند کی رویت کا شرعی فیصلہ کرنے کے لیے مرکزی کمیٹی کا اجلاس بدھ 16 مئی کو بعد نماز عصر کراچی میں منعقد کیا جائے گا۔ جب کہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں ہوں گے۔

چاند کی رویت کے لئے شہادتیں جمع کرنے کی غرض سے کنٹرول روم قائم کرنے کی اطلاع دیتے ہوئے وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہق ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔

ایک روز قبل سامنے آنے والی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ رمضان المبارک 1439 ہجری کا چاند 15 مئی کی سہہ پہر چار بج کر48 منٹ پر پیدا ہوا ہے، یہ 16 مئی بدھ کی شام غروب آفتاب کے وقت لاہور سمیت ملک کے تمام شہروں میں باآسانی دیکھا جاسکے گا۔

فلکیات و موسمیات سے متعلق ماہرین کا کہنا تھا کہ 16 مئی بدھ کی شام پاکستان کے تمام شہروں میں چاند کی عمر 26 گھنٹے سے زائد ہوگی جس کی وجہ سے 29 شعبان المعظم کی شام رمضان المبارک کا چاند نظرآنے کے قوی امکانات ہیں۔ ماہرین کا کہنا تھا کہ 19 یا 23 گھنٹوں سے زائد عمر کا چاند دیکھا جا سکتا ہے۔

ماہرین نے توقع ظاہر کی تھی کہ بلوچستان کے علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہوں گے۔

ایک الگ رپورٹ میں رویت ہلال ریسرچ کونسل کی سیکرٹری جنرل خالداعجازمفتی کا کہنا تھا کہ نیا چاند اس وقت تک دکھائی نہیں دیتا جب تک اس کی عمر غروب آفتاب کے وقت کم ازکم 19 گھنٹے نہ ہو، اسی طرح چاند دکھائی دینے کےلئے سورج اورچاند کے طلوع و غروب ہونے کا درمیانی فرق کم ازکم 40 منٹ ہونا چاہیے۔ چاند کا زمین سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 6 ڈگری اورچاند کا سورج سے زاویائی فاصلہ کم ازکم 10 ڈگری ہونا چاہیے

ریسرچ کونسل کے ذمہ دار کے مطابق یہ فرق پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی اورلاہورمیں 58 منٹ جب کہ کوئٹہ اورکراچی میں 60 منٹ ہوگا۔ سب سے زیادہ فرق گوادر، جیوانی، پنجگور اور تربت میں 61 منٹ ہوگا۔

ماہرین کے مطابق شوال کا چاند 29 رمضان المبارک بمطابق 14 جون کودکھائی نہیں دے گا، اس لئے توقع ہے کہ رواں برس 30 روزے ہوں گے اور عیدالفطر 2018 16 جون کومنائی جائے گی۔


متعلقہ خبریں