غدار نہیں وفادار، بھارتی کرکٹرز،صحافی اور سیاستدان شامی کے حق میں بول پڑے


پاکستان سے شکست کے بعد بھارتی ٹیم کے مسلمان کھلاڑی کے خلاف سوشل میڈیا پر کمپین چلائی جا رہی ہے۔  کئی بھارتی کرکٹرز اور سیاست دان شامی کے حق میں میدان میں آ گئے۔

کانگرس لیڈر راہول گاندھی نے شامی کے حق میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں،یہ نفرت سے بھرے لوگ ہیں ان کو معاف کر دیں۔


سابق بھارتی کرکٹر سچن ٹنڈولکر ، ورندر سہواگ ،ہربھجن سنگھ اور  اظہر الدین بھی شامی کے حق میں سامنے آئے۔ کہا ہم شامی کے ساتھ ، ان کے خلاف سوشل میڈیا کمپین شرمناک ہے.


بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر عرفان پٹھان بھی محمد شامی کے خلاف سوشل میڈیا پر چلنے والی مہم پر  برہم ہو گئے

عرفان پٹھان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ میں بھی پاکستان کے خلاف بھارت کی طرف سے بہت میچز کھیل چکا ہوں اور کئی میچز ہارے بھی ہیں، مگر کبھی کسی نے مجھے پاکستان جانے کا نہیں کہا۔

بھارتی صحافی برکھا دت نے شدت پسندوں کو آڑے ہاتھوں لیا، انہوں نے کہا کہ کیا واقعی محمد شامی کے خلاف متعصبانہ آن لائن حملوں پر خاموش رہنے والی ہندوستانی ٹیم ’بلیک لائیو میٹرز‘ پر گھٹنے ٹیک کے ٹریبیوٹ پیش کر رہی ہے؟ یہ سب حقیقت سے بہت الگ ہے۔

بھارتی صحافی رعناایوب نے کہا کہ بھارتی ٹیم بلیک لائف میٹرز کمپین کے حق ہر میچ سے پہلے تو گھٹںوں پر بیٹھتی ہے لیکن اپنے ملک میں ہونے والی عدم برداشت اور تعصب پر چپ ہے ، کشمیری طلبا پر حملے اور شامی کے خلاف کمپین پر خاموشی  نے ان کی منافقت ظاہر کر دی ۔


بھارتی اسپورٹس تجزیہ کار راہول راوت کا کہنا ہے کہ محمد شامی کو بھارت کی پاکستان سے ہار کا ذمہ دار قرار دینا غلط ہے۔ مذہبی بنیاد پر محمد شامی کو ملک سے باہر نکالنا، نفرت کرنا اور نفرت کرنے والوں کا ساتھ دینا ٹھیک نہیں۔

واضح رہے کہ بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں عبرتناک شکست پر بھارتی انتہا پسندوں نے  ہار کا سارا ملبہ مسلمان کھلاڑی محمد شامی پر ڈال دیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ان کے خلاف مہم چلائی گئی  جس میں کسی نے انہیں جاسوس قرار دیا تو کسی نے پاکستان کے ساتھ مفت کھیلنے کا مشورہ دیا۔


متعلقہ خبریں