انتظارکی گھڑیاں ختم، لاہور میں اورنج لائن ٹرین کا افتتاح


لاہور: اہلیان لاہور کے لیے انتظارکی گھڑیاں ختم ہوگئیں، وزیراعلی پنجاب میاں شہبازشریف نے اورنج لائن ٹرین کا اففتاح کردیا، اس سہولت سے دو لاکھ 25 ہزارافراد فائدہ اٹھا سکیں گے۔

لکشمی چوک اسٹاپ پر ٹرین سروس کا افتتاح کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ وہ منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے غم زدہ ہیں تاہم اب عوام کو دھکے نہیں کھانے پڑیں گے، تاجروں کے نقصان پر ان سے ہاتھ جوڑ کرمعافی مانگتا ہوں، لاہوراب پیرس بن چکا ہے۔

پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے احتجاج کے باعث میٹرو ٹرین کا منصوبہ 22 ماہ تاخیر کا شکار ہوا، عمران نیازی کو کیا پتا کہ عوام کو بسوں میں کیسے دھکے کھانے پڑتے ہیں، میٹرو بس کو جنگلہ بس کہنے والے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کر سکے، وہاں اسپتال بنا نہ ہی اسکول، عمران خان نے 5 سال الزام  لگانے کے علاوہ  کچھ  نہیں کیا۔

وزیر اعلی پنجاب  نے اپنے سیاسی حریفوں پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بنی گالا اور بلاول ہاؤس ہم نوالہ و ہم پیالہ۔

ایک شعر کے ذریعے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ

نیازی لاکھ برا چاہے تو کیا ہو تا ہے

وہی ہوتا ہے جو منظور خدا ہوتا ہے

شہبازشریف نے کہا کہ اورنج لائن منصوبے میں 75 ارب روپے بچائے، ‏چند روز میں ٹھوکر نیاز بیگ سے لے کر چوک یتیم خانہ تک ٹرین چلے گی جبکہ ‏ساڑھے تین ماہ میں عوام اورنج ٹرین پر باقاعدہ سفر کر سکیں گے۔

اورنج لائن ٹرین نے آج اپنا دوسرا آزمائشی سفر ڈیرہ گجراں سے لکشمی چوک تک کیا جس سے شہری بغیر ٹکٹ  لطف اندوز ہوئے۔

اورنج لائن ٹرین نے اپنا پہلا آزمائشی سفر 26 فروری کو کیا تھا جبکہ دوسرے آزمائشی سفرمیں ٹرین نے گیارہ کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا۔

حکام کے مطابق اورنج لائن ٹرین کا 90 فیصد کا م مکمل ہوچکا ہے، لاہورہائی کورٹ کے سامنے انڈرگراؤنڈ اسٹیشن کی تعمیر بھی تیزی سے تکمیل کے مراحل طے کررہی ہے۔

اورنج لائن ٹرین کا کرایہ کیا ہوگا؟ حکام اس ضمن میں فی الحال کچھ  بھی بتانے سے قاصر ہیں۔ اطلاعات  کے مطابق تاحال طے نہیں کیا گیا کہ مسافروں سے کرایہ کتنا اور کس مناسبت سے وصول کیا جائے گا؟


متعلقہ خبریں