لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم ڈی جی آئی ایس آئی تعینات، نوٹی فکیشن جاری


اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری کی منظوری دی جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی تعینات کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید 19 نومبر تک ڈی جی آئی ایس آئی برقرار رہیں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم 20 نومبر کو ڈی جی آئی ایس آئی کا چارج سنبھالیں گے۔

وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی جو نئے ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی سے متعلق مشاورتی عمل کا حصہ تھی۔

اعلامیہ کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی کے تقرر کے لیے وزارت دفاع کی جانب سے نام بھیجے گئے اور وزیر اعظم عمران خان نے تمام نامزد افراد کا انٹرویو کیا۔ وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف کے درمیان حتمی مشاورت ہوئی۔

وزیر اعظم اور آرمی چیف کی مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کے نام کی منظوری دی گئی۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم کو پنجاب رجمنٹ کی لائٹ اینٹی ٹینک بٹالین میں کمیشن دیا گیا۔ وہ کمبائنڈ آرمز سنٹر یوکے ، سٹاف کالج کوئٹہ ، ایڈوانس سٹاف کورس یوکے ، این ڈی یو اسلام آباد ، اے پی سی ایس ایس یو ایس اے اور رائل کالج آف ڈیفنس اسٹڈیز یوکے سے فارغ التحصیل ہیں۔

انہوں نے کنگز کالج لندن اور این ڈی یو اسلام آباد سے ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔

ندیم انجم  کو روایتی اور ذیلی روایتی خطرے کے ماحول میں کمان کا وسیع تجربہ ہے۔ وہ مغربی سرحد اور ایل او سی دونوں پر کمانڈ کے علاوہ بلوچستان میں طویل خدمات انجام دے چکے ہیں۔

انہوں نے جنوبی وزیرستان ایجنسی میں انفنٹری بریگیڈ ، کرم ایجنسی اور ہنگو میں انفنٹری بریگیڈ کو آپریشن ضرب عضب کے دوران کمانڈ کیا اور وہ آپریشن ردالفساد کے دوران آئی جی ایف سی بلوچستان تھے۔

وہ پی ایم اے ، اسٹاف کالج اور این ڈی یو میں انسٹرکٹر، اسٹاف کالج کوئٹہ کے کمانڈنٹ اور 5 کور کے چیف آف سٹاف بھی رہے ہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل ندیم انجم  باسکٹ بال اور کرکٹ کے شوقین ہیں۔


متعلقہ خبریں