کالعدم ٹی ایل پی مذہبی جماعت نہیں، عسکریت پسند گروپ ہے، فواد چوہدری


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کالعدم ٹی ایل پی مذہبی جماعت نہیں بلکہ عسکریت پسند گروپ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کے صبر کی حد ہوتی ہے اور کوئی بھی ریاست کو کمزور سمجھنے کی غلطی نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر سڑکوں پر آجاتے ہیں جبکہ کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) مذہبی جماعت نہیں بلکہ عسکریت پسند گروپ ہے اور یہ لوگ کوئی نہ کوئی بہانہ بنا کر سڑکوں پر آجاتے ہیں۔

کابینہ اجلاس میں ہونے والے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج فیصلہ ہوا ہے ریاستی رٹ کو چیلنج نہیں کرنے دیا جائے گا اس لیے کالعدم تنظیم بلیک میل کرنے کی جسارت نہ کرے۔ 6 بار تماشا لگ چکا ہے اور ریاست نے صبر کا مظاہرہ کیا اب ہم نہیں چاہتے کہ لوگوں کا ناحق خون بہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کسی بھی صورت میں غیر قانونی کارروائیاں برداشت نہیں کریں گے اور کسی مائی کے لعل کی جرات نہیں کہ وہ ریاست کو بلیک میل کرے۔ کسی کو بندوق کے زور پر بات منوانے کا حق نہیں دیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ابھی تک ہم نے کہیں بھی طاقت کا مظاہرہ نہیں کیا اور جو لوگ یوٹیوب پر جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں وہ نظر ثانی کر لیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور ہم اس کو برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل میں پاکستان کی مدد کی، وزیراعظم

گندم کی قیمت پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی امدادی قیمت میں 500 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے اور گزشتہ سال ایگری کلچر سیکٹر میں 1100 ارب روپے گئے تھے جبکہ گنے اور مکئی کی فصلوں کی پیدوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ایس ایس امتحانات سے پہلے اسکریننگ ٹیسٹ لینے کی منظوری دی گئی ہے اور اسکریننگ ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس صرف 33 ہوں گے کیونکہ چاہتے ہیں کہ صرف سنجیدہ لوگ ہی آگے آسکیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے لاہور کا ضمنی انتخاب ای وی ایم کے ذریعے کرایا جائے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں سے متعلق ہفتہ وار آگاہی دیتے رہیں گے۔


متعلقہ خبریں