امریکہ میں پہلا ’ایکس آپشن‘ والا پاسپورٹ جاری


امریکا میں پہلی بار پاسپورٹ میں مرد اور خواتین کے علاوہ تیسری جنس کے لیے بھی آپشن موجود ہو گا۔ پاسپورٹ میں اس کے لیے ’ایکس‘ کا آپشن استعمال کیا گیا ہے۔

امریکہ کی وزارت خارجہ کی جانب سے پہلی بار ایسا پاسپورٹ جاری کیا جا چکا ہے جس میں جنس کے لیے ’ایکس‘ کا آپشن موجود ہے اور یہ آپشن سال 2022  سے ہر امریکی کے برتھ سرٹیفکیٹ اور پاسپورٹ پر دستیاب ہو گا۔

وزارت خارجہ کی جانب سے اس نئے پاسپورٹ کو پبلک نہیں کیا گیا تھا تاہم ایک قانونی فرم نے اسے جاری کر دیا ہے کیونکہ یہ ان کے کلاینٹ کا تھا، جو 2015 سے اس پالیسی کو تبدیل کرنے کے لیے درخواست دے رہا تھا۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ محکمہ خارجہ تمام افراد کی آزادی، وقار اور مساوات کو فروغ دینے کے لیے پُرعزم ہے۔

امریکہ وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے جون میں اس معاملے پر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی تھی، اس سے قبل پاسپورٹ پر اپنے برتھ سرٹیفکیٹ اور دیگر دستاویزات کے علاوہ کسی جنس کا انتخاب کرنے کے لیے امریکیوں کو میڈیکل سرٹیفکیٹ درکار ہوتا تھا۔

لندن کے ایک ادارے کے مطابق کم از کم 11 مزید ممالک میں ان افراد کے لیے پاسپورٹ پر ’ایکس‘ یا ’ادر‘ کا آپشن ہوتا ہے جو اپنی شناخت مرد یا عورت کے طور پر نہیں کرنا چاہتے۔

ان ممالک میں کینیڈا، جرمنی، آرجنٹینا، انڈیا، نیپال اور نیوزی لینڈ بھی شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں