ٹی20 ورلڈ کپ: افغانستان کو شکست، پاکستان گروپ میں نمبر ون

ٹی 20: کپتان بابر اعظم نے ایک اور ریکارڈ توڑ دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن پر آ گیا۔

دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 148 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آصف علی شاندار بیٹنگ کی بدولت اننگز کے 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

اس ٹورنامنٹ میں یہ پاکستان کی لگاتار تیسری فتح ہے، اس سے قبل قومی ٹیم نے روائتی حریف بھارت اور نیوزی لینڈ کو ہرایا تھا۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے کیا جو زیادہ اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

قومی ٹیم کی پہلی وکٹ اننگز کے تیسرے اوور میں گر گئی جب رضوان مجیب کو بڑی شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 8 رنز بنائے۔

رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور فخر زمان نے 63 رنز کی شراکت داری قائم کی، اس موقع پر فخر محمد 30 رنز پر نبی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر تجربہ کار بیٹر محمد حفیظ کریز پر آئے تاہم ان کا سفر بھی 10 رنز تک محدود رہا اور وہ راشد کی گیند پر کیچ دے بیٹھے۔

بابراعظم نے دوسرے اینڈ پر اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور اپنے کیریئر کی ایک اور ففٹی مکمل کی تاہم وہ راشد کے خلاف کافی مشکل میں دکھائی دیئے اور 51 رن پر بولڈ ہو گئے۔

پاکستان کو دو اوورز میں 18 رنز درکار تھے، آصف علی نے 19 ویں اوور میں چار چھکے لگا کر پاکستان کو میچ میں فتح دلا دی۔

شاندار بیٹنگ پر آصف علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

افغانستان کی اننگز

افغانستان کی جانب سے اننگز کا آغاز جارح مزاج جوڑی حضرت اللہ زازئی اور محمد شہزاد نے کیا جو اچھا ثابت نہ ہو سکا۔

میچ کے دوسرے اوور میں حضرت اللہ زازئی عماد وسیم کی گیند پر بڑی شاٹ مارتے ہوئے کیچ دے بیٹھے۔ افغانستان کو دوسرا نقصان بھی جلد پہنچ گیا جب کہ شہزاد شاہین کو بڑی ہٹ مارتے ہوئے بابر کو کیچ تھما بیٹھے۔

اس موقع پر اصغر افغان اور رحمان اللہ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے عماد وسیم کو دو چھکے رسید کیئے، پاکستان کو رحمان اللہ کی وکٹ لینے کا بہترین موقع ملا تاہم عماد نے وہ چانس ضائع کر دیا۔

بابراعظم نے اصغر اور رحمان کی شراکت داری توڑنے کے لیے حارث روف کو گیند تھمائی، انہوں نے پاکستانی کپتان کا فیصلہ درست ثابت کیا اور اصغر افغان کو آؤٹ کر دیا۔ رحمان بھی جلد ہی حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کی پانچویں وکٹ 64 رنز گری جب کریم جنت 15 رنزبنا کر عماد وسیم کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے، فخر زمان نے ان کا کیچ پکڑا۔

پاکستان نے لڑکھڑاتی افغانستان کی بیٹنگ پر دباؤ بنائے رکھا، پہلے شاداب اور حسن کے اوور میں صرف دو رنز پڑے۔ اس دباو کا پاکستان کو جلد ہی فائدہ ہو گیا۔ نجیب اللہ شاداب کی گیند پر رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

اس موقع پر افغانستان کے کپتان محمد نبی نے گلبدین نائب کے ساتھ 76 رنز کی ایک شاندار شراکت داری قائم کی اور اپنی ٹیم کو میچ میں واپس لائے۔

محمد نبی اور گلبدین نے بالترتیب 35،35 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی بہت مہنگے بولر ثابت ہوئے۔ انہوں نے چار اوورز میں 38 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ٹاس 

افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا.

بابراعظم نے ٹاس کے بعد کہا کہ دو فتوحات کے بعد ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے۔ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

افغانستان کے کپتان محمد نبی نے کہا کہ پچ خشک لگ رہی ہے جو پہلے بیٹنگ کے لیے سازگار رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف پلیئنگ الیون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

ٹیم

پاکستان بمقابلہ افغانستان! کس کا پلڑا بھاری؟

پاکستان اورافغانستان اب تک صرف ایک ٹی20  میچ میں آمنے سامنے آئے ہیں۔


متعلقہ خبریں