ہم نیوز کی خبر، وزیراعظم کا کئی دہائیوں سے زیرالتواء کالج کا افتتاح کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد : ’ہم نیوز‘ کی جانب سےمعاملہ اٹھانے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کئی دہائیوں سے نظر انداز ہونے والے میرابگوال ٹیکنیکل کالج کے افتتاح کا فیصلہ کر لیا۔

بدھ کے روز سامنے آنے والی اطلاع میں یونین کونسل چیئرمین نے تصدیق کی کہ کالج کی فعالیت کے متعلق دس برسوں سے کوشش کر رہے تھے لیکن معاملہ آگے نہیں بڑھ رہا تھا۔

قیصرغفارنے ’ ہم نیوز‘ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 30 سالوں سے بند کالج ’ہم نیوز‘ کی کاوشوں سے کھلے گا۔

اسلام آباد کے نواحی علاقہ میں سملی ڈیم کے قریب واقع میرابگوال ٹیکنیکل کالج کی فعالیت کے بعد اس میں ہر سال 350  طالب علم تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

یوسی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ’ہم نیوز‘ نےجو کیا وہ 56 دیہاتیوں نے دیکھا، نئے چینل کی تعلیمی میدان میں اصلاحات کے لیے کوششیں قابل تحسین ہیں۔ امید ہے کہ ہم نیوز اس عزم پر قائم رہے گا۔

میرابگوال ٹیکنیکل کالج سے پہلے علاقے کا اکلوتا ٹیکنیکل کالج پشاور روڈ راولپنڈی پر واقع تھا، اسلام آباد کا اکلوتا پولی ٹیکنیکل کالج رہنے والی درس گاہ 1977 میں طلبہ کے مسلسل احتجاج کا مرکز بن جانے کے بعد بند کر دی گئی تھی۔ اس وقت کی فوجی حکومت نے عمارت کو ای ایم ای کالج میں تبدیل کرنے کے بعد وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کے لئے پولی ٹیکنیکل کالج علیحدہ سے بنایا جائے گا۔

1985 میں اس وقت کی حکومت نے میرابگوال میں کالج قائم کرنے کا فیصلہ کیا جو 1989 میں تعمیر کر لیا گیا۔ کالج کی تعمیر کے لئے مقامی افراد نے 232 کنال اراضی وقف کی تھی۔ 26 برس قبل مکمل کی گئی عمارت 200 کمروں پر مشتمل تھی۔

اسلام آباد کے مضافات میں واقع میربگوال ٹیکنیکل کالج کی عمارتمیرابگوال کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ انہیں خاقان عباسی اور صاحبزادہ یعقوب خان کے ہاتھوں کالج کے افتتاح کا واقعہ یاد ہے۔ پیپلزپارٹی کی گزشتہ حکومت کے دور میں وزیرداخلہ رحمن ملک نے عمارت کو جیل کی شکل دینا چاہی تاہم مقامی آبادی کے احتجاج کے بعد یہ فیصلہ موخر کر دیا گیا۔

وزارت کیڈ (کیپیٹل ایڈمنسٹریشن اینڈ ڈویلپمنٹ ڈویژن) نے 2013 میں 33 سالہ لیز پر عمارت علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے حوالے کر دی، فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت قائم یونیورسٹی نے عمارت کی تزئین و آرائش کی تاہم اسے فعال نہیں کیا جا سکا۔


معاونت ؛ ایڈیٹر
متعلقہ خبریں