ایمریٹس ایئرلائن کی پہلی پرواز کے پاکستانی کیپٹن فضل غنی میاں کا انتقال ہو گیا

ایمریٹس ایئرلائن کی پہلی پرواز کے پاکستانی کیپٹن فضل غنی میاں کا انتقال ہو گیا

اسلام آباد: ایمریٹس ایئر لائن کی پہلی پرواز اڑانے والے قومی ایئر لائن پی آئی اے کے پائلٹ کیپٹن فضل غنی میاں کا انتقال ہو گیا ہے۔ انہوں نے 25 اکتوبر 1985 کو متحدہ عرب امارات کے شاہی معززین اور ایئر لائن عملے کے ساتھ کراچی کے لیے اڑان بھری تھی جو ایمریٹس کے پہلی باضابطہ پرواز تھی۔

مشکل حالات میں مشکل فلائٹ: کیپٹن مقصود کو ایوارڈ مل گیا

ہم نیوز کے مطابق مرحوم کیپٹن فضل غنی میاں نے پہلی پرواز کے متعلق گزشتہ سال اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ کراچی کے ہوائی اڈے پر جب پرواز نے لینڈنگ کی تو وہ اس قدر ہموار اور متوازن تھی کہ کسی کو یہ احساس تک نہیں ہوا کہ جہاز رن وے پر اتر گیا ہے۔ جہاز کا کراچی کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترنا ہی ایمریٹس ایئر لائن کا آغاز ثابت ہوا تھا۔

کیپٹن فضل غنی میاں کو پی آئی اے نے متحدہ عرب امارات کی پہلی ایئرلائن کے فلائٹ آپریشن کے قیام کی ذمہ داری سونپی تھی۔

دلچسپ بات ہے کہ انہیں ان کی خدمات پر متحدہ عرب امارات کی شہریت کی پیشکش بھی ہوئی تھی لیکن انہوں نے معذرت کرلی تھی اور واپس آکر پی آئی اے کو ہی جوائن کیا تھا۔

مرحوم نے گزشتہ سال عرب نیوز کو دیے گئے ایک انٹریو میں کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے فلیگ کیریئر کی پہلی پرواز اڑانا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

پی آئی اے عملے نے ایمانداری کی اعلیٰ مثال قائم کر دی

ایئربس اے 300 طیارے، جسے پی آئی اے سے ہی ویٹ لیز پر حاصل کیا گیا تھا، کے ذریعے ایمریٹس کی پہلی پرواز EK600 نے 25 اکتوبر 1985 کو دبئی سے کراچی کے لیے اڑان بھری تھی۔

ایمریٹس کی شاندار کامیابی کے متعلق اپنے انٹرویو میں کیپٹن فضل غنی میاں نے کہا تھا کہ ایئر لائن اپنے عملے کو میرٹ پر منتخب کرتا ہے اور وہ انہیں اختیارات کے ساتھ ساتھ ذمہ داریاں بھی دیتا ہے اور ان کے کام میں کوئی بیرونی مداخلت نہیں کی جاتی ہے۔

پی آئی اے کا اعزاز: ہراسگی روکنے کیلیے شعور اجاگر کرنیوالی پہلی ایئرلائن

انڈیپنڈنٹ اردو کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے کیپٹن غنی کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹن غنی پی آئی اے کے انتہائی مایہ ناز کپتان تھے، جو بہت محب وطن اور فرض شناس شخصیت کے حامل تھے۔


متعلقہ خبریں