پی ٹی آئی دھرنے دو جماعت اور پگڑی اچھال پارٹی ہے،نواز شریف


اسلام آباد: سابق وزیراعطم نواز شریف نےکہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف دھرنے دو جماعت اورپگڑی اچھال پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گندی زبان والی پارٹی ہے اور اس کا نہ کوئی کردار ہے اور نہ کوئی نظریہ ہے۔

احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرانہوں نے یہ بات اس سوال کے جواب میں کہی کہ پی ٹی آئی نے آپ کی جانب سے قومی کمیشن بنائے جانے کی تجویز مسترد کردی ہے۔

ذرائع ابلاغ سے غیررسمی بات چیت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ پی ٹی آئی ایمپائر کی انگلی کی طرف دیکھنے والی پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ووٹ کو عزت دینے کی کوئی بات نہیں ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ اچھا ہوا کہ کے پی میں پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے عوام نے ان کی تبدیلی دیکھ لی اوروہاں سب سامنے آگیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں ہوا۔

سابق وزیراعظم نے اپنی ’سیاسی‘ توپوں کا رخ پی ٹی آئی کی جانب رکھتے ہوئے کہا کہ یہ ’دھرنے دو‘ جماعت ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دھرنے میں بڑے بڑے کردار ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ صرف عمران خان اکیلا نہیں ہے، طاہرالقادری بھی ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کھل کر بتائیں کون کون ہے؟ تو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف نے کہا کہ وقت آنے پر بتاؤں گا۔

 


متعلقہ خبریں