کراچی میں بجلی کی بندش،شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی

فوٹو: فائل


کراچی: رمضان المبارک کی آمد انتہائی قریب آنے کے باوجود شہر قائد میں بجلی کی بندش (لوڈشیڈنگ) کا سلسلہ تھم  نہیں سکا ہے۔  شہر کے مختلف علاقوں میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ کے الیکٹرک نے بن قاسم پاور پلانٹ کے بند یونٹ کے مرمت کی بھی نئی تاریخ 20 مئی دے دی ہے۔

کراچی کو بجلی کی فراہمی کا ذمہ دار کے الیکٹرک  پہلے بجلی کی بندش کا سارا ملبہ سوئی سدرن گیس کمپنی پر ڈالتا تھا۔ اس کا مؤقف تھا کہ اسےمطلوبہ مقدار میں سوئی گیس فراہم نہیں کی جارہی ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کا شکوہ تھا کہ اسے واجبات ادانہیں کیے گئے ہیں ۔ سوئی سدرن کا دعویٰ تھا کہ وہ عوام کے مفاد میں سوئی گیس کی فراہمی کو ممکن بنا رہا ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صورتحال کا نوٹس لیا تھا اور وہ کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اراکین کے ہمراہ کراچی گئے تھے۔ گورنرہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں  جہاں وزیراعظم نےسوئی سدرن گیس کمپنی کو ہدایت دی تھی کہ وہ ہر قیمت پر مطلوبہ مقدار میں گیس کی فراہمی کویقینی بنائے۔ اجلاس میں بطورخاص وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی شریک ہوئے تھے۔

سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے گیس کی فراہمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اورغیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا سلسلہ ’تیکنیکی خرابی‘ کے نام پر جاری رہا۔

کچھ عرصہ قبل بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ میں پیدا ہونے والی خرابی کے نام پر شہریوں کو بجلی کی بدترین بندش کا سامنا کرنا پڑا۔ کے الیکٹرک نے خراب پرزے کی مرمت ہوتے ہی بجلی کی مکمل بحالی کی نوید سنائی تھی ۔

جنرل الیکٹرک نے خراب پرزے کی مرمت کی لیکن وہ دوبارہ خراب ہوگیا۔ جس کے بعد بیرون ملک سے پرزہ خرید کرلانے کا فیصلہ کیا گیا۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ کا خراب ہونے والا پرزہ ہالینڈ سے خریدا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق 41 ٹن وزنی پرزہ آج ہوائی جہاز سے قائد اعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پہنچے گا۔

ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ پرزے کی تنصیب کے بعد 20 مئی سے بن قاسم پاور پلانٹ کا بند یونٹ بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

کے الیکٹرک کے پلانٹ کی مرمت کا ٹھیکہ جنرل الیکٹرک کے پاس ہے۔ ہالینڈ سے 41 ٹن وزنی پرزے کی خریداری کے الیکٹرک نے کی ہے، تنصیب کا کام جنرل الیکٹرک انجام دے گی۔ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی کے نرخ طے شدہ ہیں۔

بن قاسم پاور پلانٹ کے یونٹ کی خرابی سے کے الیکٹرک کو 600 سے 700 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ بجلی کی کمی کے باعث شہر قائد میں اعلانیہ اور غیر اعلانیہ بجلی کی بندش کا دورانیہ بھی بڑھ گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق کے الیکٹرک کے تمام امور کی نگرانی چیف جنریشن اینڈ ٹرانسمیشن افسرکررہے ہیں۔ ترجمان کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے بند یونٹ کی بحالی سے بجلی کی فراہمی بہتر ہوجائے گی۔

شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے بڑھتے ہوئے دورانیے نے شہریوں کو دوہری اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ ایک جانب بجلی کی بندش معمولات زندگی کو شدید متاثر کررہی ہے تو دوسری جانب پانی کی فراہمی بھی سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔

عوام الناس کی تکالیف اور پریشانی کا ادراک رکھنے والی ٹینکرز مافیا بھی صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے منہ مانگے دام وصول کررہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے بھی جمعرات سے کراچی میں گرمی بڑھنے کی اطلاع دی ہے۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ جائے گا۔ موسم کی سختی شہریوں کی مشکلات میں اضافے کا سبب بن جائے گی۔


متعلقہ خبریں