پاکستان میں 2018 کا پہلا بڑا بریک ڈاؤن، چاروں صوبے متاثر


اسلام آباد: پاکستان میں موسم گرما 2018  کے پہلے سب سے بڑے بریک ڈاؤن سے چاروں صوبوں  میں بجلی کی فراہمی شدید متاثر ہو گئی۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد بھی بد ترین بجلی کی بندش (لوڈشیڈنگ) کی زد میں آیا۔ ملک کے صنعتی یونٹس میں بھی کام شدید متاثرہوا۔

بجلی کا بریک ڈاؤن تربیلا اور گڈو ڈیم میں خرابی کے سبب ہوا جس کے بعد ملک میں بجلی کی مجموعی پیدوار 11  ہزار آٹھ سو میگاواٹ رہ گئی۔ بریک ڈاؤن کے بعد نیشنل پاور کنٹرول سینٹر نے بجلی کی بحالی کا کام شروع کردیا ۔

بریک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے اہم مقامات

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بجلی کے بریک ڈاؤن  کےسبب آئیسکو کے تمام فیڈرز کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ۔ شہراقتدار کے اکثر علاقوں میں بجلی کی ترسیل جزوی طور پرمتاثر ہوئی۔

’ہم نیوز‘ کے مطابق اسلام آباد کے متاثرہ علاقوں میں ریڈ زون،  سپریم کورٹ آف پاکستان، ایف بی آر اور دیگرعمارتوں سمیت رہائشی سیکٹرز اور کمرشل ایریاز شامل ہیں۔

احتساب عدالت اسلام آباد

العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی جانب سے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا پر جرح کے دوران احتساب عدالت اسلام آباد میں بھی بجلی غائب ہو گئی۔ بجلی کی بندش پراحتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کہا کہ آج بجلی نہیں ہے، یوپی ایس چل رہا ہے۔

نیواسلام آباد ائرپورٹ

نیو اسلام آباد ائرپورٹ پر بجلی کے بریک ڈاؤن کے سبب مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ بیگج ہینڈلنگ ،ایئرلائنز کے دفاتر، اے ایس ایف بیس کیمپ سمیت تمام جگہوں پربجلی کی بندش سے تمام کاؤنٹرز پر مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔

راولپنڈی

شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بندش (لوڈشیڈنگ) کا سلسلہ جاری ہے۔ راولپنڈی کے متاثرہ علاقوں میں چکری روڈ، لیاقت کالونی، ٹینچ بھاٹہ اور اڈیالہ روڈ شامل ہیں۔ سیٹیلائٹ ٹاؤں ایف بلاک، صادق آباد اور محلہ چاہ سلطان بھی بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے ہیں۔

پنجاب اسمبلی

ملک کے دیگر مقامات کے ساتھ ساتھ  پنجاب اسمبلی بھی بجلی کے بحران کا شکار ہو ئی۔ اجلاس مقررہ وقت پرشروع ہونے کے باوجود تاریخ میں پہلی مرتبہ گھنٹیاں نہ بجائی جا سکیں۔ اچانک ہونے والے  بریک ڈاؤن سے اسمبلی دن کی روشنی میں بھی تاریکی کا منظر پیش کررہی تھی ۔

جناح اسپتال

بریک ڈاؤن کے سبب جناح اسپتال لاہور کی بجلی بند ہوگئی اورجنریٹر  نے بھی کام چھوڑ دیا۔ آپریشن تھیٹرکی بجلی بند ہونے کی وجہ سے متعدد آپریشنز  منسوخ  کر دیے گئے ہیں۔ او پی ڈی میں مریضوں  کا اندھیرے میں  چیک اپ کیا گیا۔ متعدد مریضوں کے معائنے کے لیے موبائل فون کی لائٹس بھی استعمال ہوئیں۔ شدید گرمی نے مریضوں کو بے حال بھی رکھا۔

ملتان

ترجمان میپکو کے مطابق نشینل گرڈ سسٹم میں فنی خرابی کے سبب ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں بجلی کی فراہمی تعطل کا شکار ہو گئی۔

حسن ابدال میں بجلی کے بریک ڈاؤن سے برہان گرڈ اسٹیشن اور موہڑہ چوک گرڈ  مکمل بند ہوگئے جس سے واہ کینٹ اور ٹیکسلا کے تمام علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں بھی تمام فیڈرز ٹرپ کرگئے ہیں جن کی بحالی کا عمل جاری ہے۔

وزیرتوانائی اویس لغاری نے چند گھنٹوں میں صورتحال بہتر ہونے کی امید دلائی ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ شام تک بریک ڈاؤن کی وجوہات سے متعلق انکوائری رپوٹ  بھی سامنے آجائے گی۔

توانائی ڈویژن کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی آھستہ آھستہ بحال ہورہی ہے۔ پشاوراورمظفر گڑھ کے کچھ علاقوں میں بجلی کی فراھمی شروع کر دی گئی ہے۔

ترجمان پاور ڈویزن کے مطابق غازی بروتھا اور تربیلا سے بجلی کی پیداواربحال ہوچکی ہے۔ دونوں پاور پلانٹس کو نیشنل گرڈ سسٹم کے ساتھ جوڑ دیا گیا ہے۔ منگلا ڈیم سے بھی بجلی نیشنل گرڈ  سسٹم میں شامل ہونا شروع  ہو چکی ہے۔


متعلقہ خبریں