بکھری اپوزیشن مہنگائی کے خلاف ایک ہونے کو تیار، بیک ڈور رابطے

فائل فوٹو


مہنگائی کے خلاف بکھری اپوزیشن ایک ہونے کو تیار ہے اور حکومت کو ٹف ٹائم دینے بیک ڈور رابطے کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں رابطہ کیا ہے۔ پیپلز پارٹی اور اے این پی مہنگائی کے خلاف مظاہروں میں شرکت کیلئے تیار ہے۔

پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ جلد پی ڈی ایم کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے، پیپلزپارٹی اور اے این پی کی پی ڈی ایم میں واپسی پر بھی بات چیت ہوگی۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو اپوزیشن کے اراکین پارلیمنٹ نے حکومت کی ناکامی قرار دے دیا جبکہ حکومتی اراکین عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافے کو اس کی بڑی وجہ قرار دے رہے ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے پیٹرول کی قیمت بڑھانے کو غریب کش اقدام قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا حکومت نے نالائقی، نااہلی، اور کرپشن کی ہر حد پار کی، عوام کا زندہ رہنا محال ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’عمران خان اللہ کا واسطہ ہے عوام پر ترس کھائیں‘

شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے حکم پر حکومت مہنگائی میں مزید اضافہ کرنے والی ہے۔ مہنگائی کے ذریعے عوام کی جیبیں خالی کرنے سے معیشت چل سکتی ہے نہ ہی غریب کا گھر۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا تو ایسا دمادم مست قلندر ہوگا کہ حکومت سنبھل نہیں پائے گی۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا وزیراعظم عمران خان ریلیف دے نہیں، مانگ رہے تھے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ہر چیز مہنگی ہوگی۔ حکومت عوام پر رحم کرے اور تیل کی قیمتیں واپس لے۔

 


متعلقہ خبریں