ہم سے ایٹم بم استعمال کرنے کا حق چھینا جارہا ہے، مولانا فضل الرحمن


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ( ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہےکہ اس وقت پاکستان پرمغرب کی جانب سے ہم جنس پرستی کو قانونی قرار دینے کے لیے دباؤ  ڈالا جارہا ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں تقریرکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت آئی ایم ایف، عالمی بینک اوردیگرعالمی ادارے پاکستان پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ فوجی آپریشنز کا عمل بھی عالمی دباؤ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایٹم بم ہمارا ہے لیکن ہم سے استعمال کرنے کا حق چھینا جا رہا ہے۔

جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن  نے کہا کہ فاٹا کے معاملے میں جلد بازی اور کشمیر پر سستی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فاٹا کے عوام کی مرضی کے خلاف کوئی فیصلہ قابل قبول نہیں ہو گا۔

فاٹا اصلاحات کا بل قائمہ کمیٹی برائے قانون وانصاف کو بھیجنے پر احتجاج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فاٹا کا معاملہ وزارت سیفران میں آتا ہے۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ ملکی حالات ایسے نہیں ہیں کہ فاٹا کی آئینی حیثیت کو چھیڑا جائے۔

کشمیر کمیٹی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ فاٹا میں لوگوں کو غیر مسلح کر دیا گیا ہے اور اب کچھ لوگ گھروں میں جا کر ٹارگٹ کلنگ کر رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں