کرکٹ کا جنون نوجوان کی جان لے گیا


دنیائے کرکٹ کا جگمگاتا ستارہ بننےکے آرزومند نوجوان کی زندگی کی اننگ مختصر نکلی۔ کراچی میں اورنگی ٹاون کے رہائشی کاشف انصاری کاکرکٹ سے جنون کی حد تک لگاؤ، موت کی وجہ بن گیا۔

اورنگی ٹاون کا یہ خوبرو نوجوان کاشف انصاری کرکٹ سے اپنا جنون اور لگاو دکھانے کے لئے ہفتے کی شب گھر سے تو نکلا مگر واپس نہ لوٹ سکا۔

قذافی روڈ پر کھیلے گئے نائٹ کرکٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران کاشف گیند پر ایسا لپکا کہ سڑک پر اپنی جانب تیزی سے آتارکشہ نہ دیکھ سکا۔

متوفی کے بھائی عادل انصاری نے ہم نیوز کو بتایا کہ دماغ پر چوٹ لگی تھی اور اس کے دماغ کے دو آپریشن ہوئے۔ڈاکٹروں نے کہا تھا کہ صحت بہتر ہو رہی ہے، لیکن وہ جانبر نہیں ہوسکا۔

دوستوں کا کہنا ہے کہ کاشف کا کرکٹ میں ٹیلنٹ غیرمعمولی تھا اور اس ہی وجہ سے وہ اپنی کرکٹ ٹیم کا کپتان بھی تھا۔

لاڈلے جوان بیٹے کی موت کا صدمہ جھیلنے والے والد عبد الحئی انصاری نے حکمرانوں سے فریاد کی ہے کہ نوجوانوں کو کھیل کی میدان فراہم کئے جائیں تاکہ کسی اور کا لعل اس طرح نہ بچھڑ جائے۔

 


متعلقہ خبریں