گجرات: دریائے چناب کا پل ٹریفک کیلئے بحال


گجرات میں دریائے چناب کا پل چودہ روز بعد ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے خندق بھر کر جی ٹی روڈ کا ایک ٹریک کھول دیا ہے۔ لاہور سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک بھی بحال ہوگئی ہے۔

شاہین چوک سے بھی سڑک کھل گئی ہے جبکہ باقی رکاوٹیں ہٹانے کا کام جاری ہے۔  ٹی ایل پی کے دھرنے کی وجہ سے وزیرآباد اور گوجرانوالہ میں انٹرنیٹ سروس آج بھی بند ہے۔ ریسکیو 1122 کی سروس بھی جزوی طور پر بحال ہے۔

جی ٹی روڈ بند ہونے سے لاہور سے راولپنڈی کےدرمیان آمدورفت بند تھی، دریائے چناب پر پل بھی 14روز پہلے بند کیا گیا تھا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک لبیک پر پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے سرکولیشن سمری کے ذریعے کالعدم تحریک لبیک سے پابندی ہٹانے کی منظوری دے دی ہے۔

وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کو کالعدم تحریک لبیک پر پابندی ہٹانے کی سمری بھیجی تھی۔ تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) نے آئندہ پرتشدد احتجاج نہ ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے جبکہ پنجاب حکومت نے تحریک لبیک کے نام سے کالعدم کا لفظ ہٹانے کی سفارش کی تھی۔

یاد رہے کہ کالعدم تنظیم کے کارکنان کی جانب سے دیے جانے والے دھرنے کے سبب گوجرانوالا اور وزیرآباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں نظام زندگی مفلوج رہا۔


متعلقہ خبریں