بھارت میں افغانستان کی جیت کے لیے دعائیں ہو رہی ہیں،کمنٹیٹر کا دلچسپ سوال


 آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ  کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان  اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے ہیں۔

افغان ٹیم نے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی ہے اور اسپنر مجیب الرحمان کو واپس ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔

ٹاس جیتنے پر کمنٹیٹر نے افغانستان ٹیم کے کپتان سے سوال کیا  کہ بھارت میں آپ کی جیت کے لیے دعائیں ہو رہی ہیں۔

افغان کپتان نے جواب میں کہا ہے کہ ہم اپنی نارمل کرکٹ کھیلیں گے ،جیتنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہےکہ۔ افغانستان اور نیوزی لینڈ کے میچ  کے ساتھ ہی بھارت کے سیمی فائنل میں پہنچنے یا نہ پہنچنے کا فیصلہ بھی ہوجائے گا۔

نیوزی لینڈ نے افغانستان کو شکست دی تو افغانستان اور بھارت کا ورلڈ کپ میں سفر ختم ہوجائے گا اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ نیوزی لینڈ کے اس وقت 6 پوائنٹس ہیں جو جیت کی صورت میں 8 ہو جائیں گے۔

افغانستان کی جیت کی صورت میں  نیوزی لینڈ اور افغانستان کے 6،6 پوائنٹس ہو جائیں گے۔سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ بھارت اور نمیبیا کے درمیان 8 نومبر کو ہونے والے میچ میں ہوگا۔

بھارت  اور افغانستان اگر اپنے اپنے میچ جیتتے ہیں تو نیوزی لینڈ، بھارت اور افغانستان تینوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہوں گے اور فیصلہ رین ریٹ پر کیا جائے گا۔

بھارت نمیبیا کے خلاف  بڑے مارجن سے میچ جیت کر بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل میں پہنچ سکتا ہے۔ اب تک  کے کھیلے گئے میچوں کے حساب سے بھی بھارت کا رن ریٹ سب سے بہتر ہے۔

یاد رہے کہ افغانستان کو سوشل میڈیا پر پہلے ہی بھارت کے خلاف میچ ہارںے پر شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔ یہاں تک کہ افغانستان اور بھارت کے میچ کو فکسڈ قرار دیا  جاتا رہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین  کی جانب سے آج کے میچ سے متعلق بھی  کہنا ہے کہ بھارت کو سیمی فائنل تک پہنچانے کی ذمہ داری افغانستان کے کندھوں پر ہے۔


متعلقہ خبریں