امریکا کی3یونیورسٹیوں میں بم کی جھوٹی اطلاع


امریکا کی تین یونیورسٹیوں میں بم کی اطلاعات کو سرچ آپریشن کے بعد جھوٹ قرار دے دیا گیا ہے۔

یونیورسٹی آف کولمبیا، براؤن اور کارنیل یونیورسٹی میں بم کی اطلاع ملنے پر ان جامعات کی متعدد عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا تھا۔

اتوار کی دوپہر متعدد ٹویٹس میں نیویارک کی کارنیل یونیورسٹی نے طلبا، عملے اور دیگر افراد کو کہا کہ  وہ فوری طور پر لااسکول، گولڈون اسمتھ، اپسن ہال اور کینیڈی ہال چھوڑ دیں۔ کیوں کہ پولیس کو ان چار عمارتوں میں بم کی اطلاع دی گئی ہے۔

کولمبیا یونیورسٹی، جس کے 31,000 طلباء ہیں، نے بھی بم کی دھمکیوں کے بعد اپنے نیو یارک سٹی کیمپس کی کئی عمارتوں کو خالی کرالیا۔

کولمبیا یونیورسٹی کی پولیس نے تقریباً دوپہر2:30 بجے کے بعد پورے کیمپس میں ایمرجنسی الرٹ جاری کیا۔ یونیورسٹی نے لوگوں کو اگلے نوٹس تک عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔

دو گھنٹے کے سرچ آپریشن کے بعد پولیس نے بتایا کہ بم کی اطلاع جھوٹی تھی، اور عمارتوں کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔

براؤن یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایا کہ  فون کے ذریعے بم کی دھمکی ملنے کے بعد کئی عمارتیں خالی کرا لی گئی ہیں۔

یونیورسٹی کے حکام نے طلباء کو الرٹ بھیجا جس میں کہا گیا تھا کہ پولیس’ کیمپس میں متعدد عمارتوں کی سرچ کر رہی ہے جن میں بم کا خطرہ ہے۔’

خیال رہے کہ دو روز قبل بھی ییل یونیورسٹی میں بم کی اطلاع ملی تھی۔ بم کی اطلاع ملنے پر حکام نے یونیورسٹی کی متعدد عمارتوں کو خالی کرا لیا تھا۔ سرچ آپریشن کے بعد پولیس نے تمام عمارتوں کو کلیئر قرار دیا تھا۔

 


متعلقہ خبریں