پاکستان افغان معاملے پر عالمی برادری کیساتھ رابطے میں ہے، عسکری حکام


اسلام آباد: پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس میں عسکری حکام نے پارلیمانی قیادت کو قومی سلامتی امور پر بریفنگ دی۔

پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اعلیٰ عسکری حکام نے پارلیمانی قیادت کو قومی سلامتی کے امور پر بریفنگ دی اور سیاسی و پارلیمانی قیادت نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اجلاس میں عسکری حکام نے کہا کہ افغانستان کا پائیدار امن، خطے میں امن اور ترقی کے لیے ضروری ہے۔

افغان امن عمل میں پاکستان کے پرخلوص اور ذمہ دارانہ کردار پر بھی بریفنگ دی گئی جس میں کہا گیا کہ بھر پور کوشش ہے کہ موجودہ حالات کسی اور انسانی و معاشی بحران کو جنم نہ دیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کا چینی کے مکمل اسٹاک کو مارکیٹ میں لانے کا حکم

پاکستان افغان معاملے پر عالمی برادری کے ساتھ رابطے میں ہے۔

واضح رہے کہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی کا اجلاس تقریباً ساڑھے 5 گھنٹے تک جاری رہا۔ اجلاس کے بعد شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج کے اجلاس میں زبردست ماحول تھا اور ایسا ہوتے رہنا چاہیے۔

تحریک طالبان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ کالعدم ٹی ٹی پی کا معاملہ پارلیمنٹ میں لانے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال اور کالعدم ٹی ٹی پی کا معاملہ زیر بحث آیا ہے اور اجلاس میں لمبے سوال جواب ہوئے اور کھل کر باتیں ہوئیں۔


متعلقہ خبریں