مسلم لیگ ن کا اپنے ہی پیش کردہ بل کیخلاف ٹکٹ جاری

فوٹو: فائل


اسلام آباد: مسلم لیگ ن نے ایوان میں اپنے ہی پیش کردہ بل کے خلاف ٹکٹ جاری کر دیا۔

خانیوال کے حلقہ پی پی 206 کے ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن نے ٹکٹ ہولڈر کا انتخاب کر لیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی کا ٹکٹ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی رانا محمد سلیم کو جاری کر دیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی ٹکٹ پی ٹی آئی کے سابق امیدوار کو جاری کرنے کی توثیق کر دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی ن لیگ کے رکن نے قومی اسمبلی میں اس سے متعلق بل پیش کیا تھا اور بل کے مقصد 7 سال سے قبل کسی بھی ٹکٹ ہولڈر کو دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے سے روکنا تھا۔

متحدہ اپوزیشن نے بل کو پیش کرنے کی تحریک کے حق میں ووٹ دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمنٹ میں ایک مرتبہ پھر چوہوں کی گونج

یاد رہے کہ رانا محمد سلیم نے 2018 میں تحریک انصاف کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا تھا تاہم پی پی 206 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار حاجی نشاط احمد خان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رکن صوبائی اسمبلی حاجی نشاط احمد خان طویل علالت کے بعد گزشتہ ماہ انتقال کر گئے تھے جس کی وجہ سے پی پی 206 کی نشست خالی ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں