لاہور پولیس نے رمضان المبارک کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا

لاہور: غیر ملکی باشندوں کے اغوا، تاوان میں ملوث ملزمان گرفتار

لاہور: صوبائی دارالحکومت کی پولیس نے رمضان المبارک کا سیکیورٹی پلان جاری کر دیا ہے۔

پلان کے مطابق رمضان المبارک کے دوران 12 سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ایس پیز)، 35 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس (ڈی ایس پیز)، 84 اسٹیشن ہاؤس آفیسرز (ایس ایچ اوز) اور 12 ہزار سے زائد جوان سیکیورٹی فرائض انجام  دیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر معین مسعود کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک میں مساجد  اور امام بارگاہوں کو تین کیٹیگریز اے، بی اور سی میں تقسیم کیا گیا ہے۔ کیٹیگری اے میں 113، کیٹیگری بی میں 1769 اور سی میں 3622 مساجد اور امام بارگاہوں کو شامل کیا گیا ہے۔ پولیس اہلکاروں کے علاوہ 13 ہزار سے زائد رضا کار بھی عبادت گاہوں پر فرائض انجام  دیں گے۔

ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق شہر میں 32 رمضان بازاروں اور 301 مدنی دستر خوانوں کو بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جب کہ سحری، افطاری اور نماز تراویح  کے اوقات میں پولیس اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

ڈاکٹر معین مسعود نے ہدایت کی  ہے کہ حساس مساجد  اور امام بارگاہوں کے گردونواح میں  ڈولفن اور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر گشت کو یقینی بنائیں اورعبادت گاہوں میں داخل ہونے والے ہر شخص کی جسمانی تلاشی بھی لی جائے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر میں حساس علاقہ جات میں روزانہ کی بنیاد  پر سرچ آپریشن ہو گا۔ حفاظتی انتظامات کے فوکل پرسن ایس ایس پی آپریشنز منتظر مہدی کو مقرر کیا گیا ہے جبکہ ایس پی ہیڈ کوارٹرز عاطف نذیر پولیس اہلکاروں کے لاجسٹک اور ویلفیئر آفیسر ہوں گے۔ ایس پیز، ڈی ایس پیز اورایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے علاقوں میں مساجد اور امام بارگاہوں کے منتظمین سے مکمل رابطہ اور تعاون  کریں۔


متعلقہ خبریں